آج بھی 6ستمبر 1965کے جذبہ کی ضرورت ہے،خواجہ طارق نذیر

آج بھی 6ستمبر 1965کے جذبہ کی ضرورت ہے،خواجہ طارق نذیر

کراچی (اسٹاف رپورٹر )پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ طارق نذیر نے کہا ہے کہ 6ستمبر کا دن ہمیں ان شہدا کی یاد لاتا ہے جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے پاک سرزمین کی حفاظت کی ۔قوم اپنے ان سپوتوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی ۔ملک کو کو آج بھی 6ستمبر 1965کے جذبہ کی ضرورت ہے ۔اتحاد اور یگانگت کے ساتھ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو اپنی رہائش گاہ پرمسلم لیگ (ن) کے مختلف وفود سے ملاقات کرتے ہوئے کیا ۔وفود میں زاہد شاہ میر ،حاجی شاہجہاں صابر ،صابر قریشی ،مہناز اختر، جمیلہ ظفر ،منتخب چیئرمینز ندیم اختر آرائیں ،چوہدری نواز اولکھ ،چوہدری اس حسین ،نور خان اخونزادہ ،سید نصیر احمد ،سہیل ندیم ،طارق محمود ،سہیل انجم خواجہ ،نیئر شریف اور عبدالحمید بٹ شامل تھے ۔خواجہ طارق نذیر نے کہا کہ 6ستمبر 1965کو بزدل دشمن نے اپنے ناپاک عزائم کیلئے مادر وطن پر یلغار کی لیکن پاک افواج کے ساتھ پوری قوم نے ملک کے چپے چپے کا دفاع کیا اور دشمن کو عبرتناک شکست سے دوچار کیا ۔انہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت اندرونی اور بیرونی یلغار کاسامنا ہے ۔ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیان نے ملک کودرپیش خطرات میں مزید اضافہ کردیا ہے ۔قوم کو اس وقت اتحاد کی اشد ضرورت ہے ۔چند ناقاعبت اندیش سیاستدان ملک میں انتشار کی سیاست کررہے ہیں اور حالات کی سنگینی کا ادراک نہ رکھتے ہوئے پاکستان کو مزید بحرانوں میں دھکیلنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ان سیاستدانوں کو ملک کا مفاد عزیز نہیں ہے ۔اب بھی وقت ہے کہ مخالفین قوم کے عظیم تر مفاد میں ذاتی عداوت کو چھوڑ کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دیں ۔خواجہ طارق نذیر نے کہا کہ زندہ قومیں کبھی اپنے شہیدوں کو نہیں بھولتی ہیں ۔پاک افواج کو پوری قوم کو فخر ہے جنہوں نے ہر مشکل وقت میں مادر وطن کے دفاع کے لیے سیسہ پلائی دیوار کا کردارادا کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کارکن مسلم لیگ (ن) کا سرمایہ ہیں ۔ملک اور قوم پر مشکل وقت آیا تو (ن) لیگ کے کارکن پاک فوج کے شانہ بشانہ ملک کے دفاع کے لیے جدوجہد جاری کریں گے ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر