یو اے ای کے میڈیا وفدنے پنجاب یونیورسٹی ادارہ علوم ابلاغیات کا دورہ کیا

یو اے ای کے میڈیا وفدنے پنجاب یونیورسٹی ادارہ علوم ابلاغیات کا دورہ کیا

لاہور( ایجوکیشن رپورٹر) متحدہ عرب امارات (یو اے ای)کے میڈیا وفد نے پنجاب یونیورسٹی وائس چانسلر آفس اور ادارہ علوم ابلاغیات کا دورہ کیا۔دورہ کا مقصد یونیورسٹیوں کے سماج میں کردار اورادارہ علوم ابلاغیات کے کام بارے جاننا تھا۔ تین رکنی میڈیا وفد کی سربراہی گلف نیوز کی ایسو سی ایٹ ایڈیٹر مس جمنا التمیمی کر رہی تھیں جبکہ خلیج ٹائمز کے سینئر رپورٹر ڈیوڈ لائٹ اور البیان نیوز پیپر کے ایڈیٹر مصطفی خلیفہ دیگر اراکین میں شامل تھے۔ اس موقع پر پنجاب یونیورسٹی کی ڈائریکٹر یکسٹرنل لنکجز پروفیسر ڈاکٹر کنول امین، انچارج ادارہ علوم ابلاغیات ڈاکٹر نوشینہ سلیم، اسسٹنٹ پروفیسرز ڈاکٹر راشد خان اور شبیر سرور بھی شریک تھے۔ وفد کی سربراہ مس جمنا التمیمی نے کہا کہ وہ پہلی بار پاکستان آئی ہیں اور اس دورہ سے ان کی پاکستان سے متعلق رائے میں 180ڈگری یعنی کہ یکسر تبدیلی آئی ہے۔ ڈاکٹر کنول امین نے وفد کے شرکاء کو یونیورسٹی بارے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی پانچ کیمپسز پر مشتمل ہے جس میں پاکستان بھر سے 45ہزار طلباؤ طالبات تعلیم حاصل کرنے کی غرض سے آتے ہیں جبکہ ایک ہزار مستقل اساتذہ ہیں۔ بعد ازاں انچارج ادارہ علوم ابلاغیات ڈاکٹر نوشینہ سلیم نے وفد کے شرکاء کوشعبہ میں لے جا کر ریڈیو ایف ایم 104.6، پی یو ٹی وی، اکیڈمک پروگرامز و دیگر سہولیات بارے بریفنگ دی ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1