محرم الحرام ، میں سیکیورٹی انتظامات اور ضابطہ اخلاق کی پابندی یقینی بنائی جائے ، راجا بشارت

محرم الحرام ، میں سیکیورٹی انتظامات اور ضابطہ اخلاق کی پابندی یقینی بنائی ...

 لاہور(کرائم رپورٹر)محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا اجلاس صوبائی وزیر قانون راجا محمد بشارت کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈرون کیمروں پر وفاقی محکمہ داخلہ کی جانب سے عائد کی گئی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا فیصلہ کیا گیا اور اس سلسلے میں تمام ڈویژنل کمشنرز اور آرپی اوز کو ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی کے بہترین انتظامات اور ضابطہ اخلاق کی پابندی کوہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اضلاع میں امن کمیٹیوں کی تشکیل نو کی جائے اور محرم کے دوران مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کی فضا برقرار رکھنے کیلئے علماء کرام اور منتخب عوامی نمائندوں سے بھی مدد لی جائے۔ چیف سیکرٹری پنجاب اکبر درانی نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے،محرم الحرام کے دوران قومی یکجہتی، مذہبی ہم آہنگی اوربھائی چارے کی فضا برقرار رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے ہدایت کی کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے آپس میں قریبی رابطہ رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیارر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجالس اور جلوسوں کیلئے مقرکردہ اوقات کی پابندی کو یقینی بنایا جائے۔ سیکرٹری داخلہ کیپٹن ریٹائرڈ نسیم نواز نے اجلاس کو بریفنگ میں بتایا کہ محکمہ داخلہ پنجاب نے محرم الحرام میں سیکیورٹی کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کر دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مانیٹرنگ کیلئے مرکزی کنٹرول روم یکم محرم سے سول سیکرٹریٹ میں کام شروع کر دے گاجبکہ اضلاع میں بھی کنٹرول رومز قائم کئے جائیں گے۔محرم الحرام کے دوران صوبہ میں 37414مجالس اور10157جلوس نکالے جائیں گے،رضا کاروں کیلئے تین روزہ ٹریننگ کا اہتمام کیا جائے گا۔ اجلاس میں آئی جی پولیس ، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، ایڈیشنل آئی جی کاؤنٹر ٹیررازم، کمشنر لاہور ڈویژن ، سپیشل سیکرٹری داخلہ، سی سی پی او لاہور،ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے شرکت کی جبکہ ڈویشنل کمشنرز اور آرپی اوز اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

مزید : علاقائی