شہدا کی قربانیاں قوم کیلئے مشعل راہ ہیں ، ڈاکٹر کلیم امام

شہدا کی قربانیاں قوم کیلئے مشعل راہ ہیں ، ڈاکٹر کلیم امام

لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر سید کلیم امام نے کہا ہے کہ وطن کے دفاع اور امن کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے مسلح افواج کے شہدا کی قربانیاں پوری قوم کیلئے مشعل راہ ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یوم دفاع درحقیقت یوم وفا ہے اور یہ پاکستان کی بری ، بحری اور فضائی افواج کے شہدا اور غازیوں کے ساتھ تجدید عہد کا دن بھی ہے اور پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ارض پاکستان کے دفاع اور امن کو برقرار رکھنے کے لیے پنجاب پولیس کے افسران و اہلکار بھی ہر قسم کی قربانی کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم دفاع کے موقع پر سینئر پولیس افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ آئی جی پنجاب کی ہدایت پرپنجاب پولیس نے یوم دفاع پاکستان ملی جوش و جذبہ کے ساتھ مناتے ہوئے مسلح افواج کے شہدا کی قبروں پر حاضری دی ۔ اس موقع پر پولیس افسران نے شہدا کی قبروں پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی جبکہ آر پی اوز اور ڈی پی اوز نے اپنے اضلاع میں افواج پاکستان کے شہدا کے گھروں میں جا کر ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ آئی جی پنجاب نے تمام ڈی پی اوز کو ہدایات کی کہ اپنے اپنے اضلاع میں مسلح افواج کے شہدا کی فیملیز کا ہر ممکن خیال رکھا جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہادت ایک مقدس اعزاز ہے جو اللہ اپنے منتخب لوگوں کو عطا کرتا ہے اور پنجاب پولیس ہر لمحہ دفاع وطن کی خاطر شہید ہونے والے ہیروز کے اہل خانہ کے ساتھ ہے ۔

مزید : علاقائی