پنجاب اسمبلی کی زیر تعمیر عمارت کو جلد مکمل کیا جائے ، ترجیحی بنیادوں پر فنڈز فراہم کرینگے ، عثمان بزدار

پنجاب اسمبلی کی زیر تعمیر عمارت کو جلد مکمل کیا جائے ، ترجیحی بنیادوں پر فنڈز ...

 لاہور(نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اورسپیکرپنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے پنجاب اسمبلی کی زیر تعمیر عمارت کا دورہ کیا۔سردار عثمان بزدار اورچوہدری پرویز الٰہی نے اسمبلی کی زیر تعمیر عمارت کے مختلف حصے دیکھے اور زیر تعمیر ہال کا بھی معائنہ کیا ۔وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عمارت کے تعمیراتی کاموں کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ سابق دور میں عمارت کی تعمیر کیلئے فنڈز مختص نہیں کیے گئے اورہماری حکومت اس عمارت کی جلد تکمیل کیلئے ترجیحی بنیادوں پر فنڈز فراہم کرے گی۔سردار عثمان بزدار اورچوہدری پرویزالٰہی نے زیر تعمیر مسجد کا بھی دورہ کیا اورزیر تعمیر مسجد کے کاموں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ اور سپیکرکو زیر تعمیر عمارت کے باقی ماندہ کاموں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اسمبلی کی پرانی عمارت 90برس پرانی ہے اور اراکین اسمبلی کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے ،جس کی وجہ سے پرانی عمارت چھوٹی ہوچکی ہے ۔آج میں نے اور سپیکرپنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے موقع پر آکر زیر تعمیر عمارت کامعائنہ کیا ہے اورہمیں بتایاگیا ہے کہ گزشتہ دس برس کے دوران اس عمارت کی تعمیر کیلئے فنڈز مختص نہیں ہوئے ،جس کی وجہ سے کام روکا رہا،لیکن ہماری حکومت اس عمارت کو جلد مکمل کرے گی اور اس مقصد کے لئے ترجیحی بنیادوں پر فنڈز فراہم کریں گے اورانشاء اگلا بجٹ سیشن نئی عمارت میں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کابینہ میں جلد توسیع ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ چکوال اورراجن پور میں تقرروتبادلے کے حوالے سے پیش آنے والے واقعات کا میں نے نوٹس لیا ہے ۔رپورٹ طلب کی ہے اس ضمن میں مزید اقدامات قانون کے دائرہ کار کے اندر رہتے ہوئے کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ایل ڈی اے کے زیر انتظام22پٹرول پمپوں کی لیز کی نیلامی کیلئے شفاف طریقہ کار طے کیا گیا ہے اوراس ضمن میں اشتہار بھی اخبارات میں دیاگیاہے جبکہ ایل ڈی اے میں عرصہ دراز سے تعینات لاہور پولیس کے اہلکاروں کو فوری طورپر واپس بلالیا گیا ہے اوران کی جگہ نئی نفری تعینات کی جارہی ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال پہلے سے بہتر ہے اورہم اس کو مزید بہتر بنائیں گے۔سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ شہبازشریف کی وجہ سے اس عمارت کا کام روکا رہا اورعمارت کی لاگت میں تین ارب روپے کا اضافہ ہوا۔اس تین ارب روپے کے نقصان کے ذمہ دار شہبازشریف ہیں اوریہ رقم ان سے وصول کرنی چاہیے،کیونکہ شایدانہوں نے اسمبلی کو ہسپتال سمجھ لیا تھا اوراسی لئے فنڈز نہیں دےئے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے اراکین نے بھی نئی عمارت کی تعمیر کیلئے 10برس کے دوران شہبازشریف پر دباؤ بڑھانے کیلئے آواز نہیں اٹھائی۔شہباز شریف کی جانب سے اس عمارت کی تعمیر میں رکاوٹ ڈالی گئی ،حتیٰ کہ مسجد کی تعمیر کیلئے بھی پیسے نہیں دےئے جبکہ ہم نے اس وقت ایک ،ایک ماہ کی تنخواہ مسجد کی تعمیر کیلئے دی تھی۔اب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے یقین دہانی کرائی ہے کہ مسجد کی تعمیر بھی جلد مکمل ہوگی۔انہوں نے کہا کہ میری وزیراعلیٰ سے بات ہوئی ہے کہ ہم نے ہسپتالوں کو بہتر بنانا ہے اورنئے ہسپتال بھی بنیں گے تاکہ ایک،ایک بستر پر تین ،تین مریضوں کے رش کو ختم کیا جاسکے اورمریضوں کو حقیقی معنوں میں معیاری طبی سہولتیں فراہم کی جاسکیں ۔انہوں نے کہا کہ سیرت اکیڈمی اورعلماء بورڈ کو بھی فعال کرنے کے لئے اقدامات کریں گے۔سابق دور میں سیرت اکیڈمی اورعلماء بورڈ پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اورسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے زیر تعمیر عمارت کے باہرپلانٹ فار پاکستان مہم کے تحت پودے لگائے اورپودے لگانے کے بعدپلانٹ فار پاکستان مہم کی کامیابی کیلئے دعا کی گئی۔

عثمان بزدار

لاہور(خصوصی رپورٹ) بحرین کے شاہی خاندان کے رکن شیخ احمد بن علی عبداللہ الخلیفہ کی جانب سے سردار عثمان بزدارکو وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکبادپیش کی گئی ہے۔شیخ احمد بن علی عبداللہ الخلیفہنے خط میں نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ عوام کی خدمت کرنے کی آپ کی صلاحیت ہر شک و شبہ سے بالاتر ہے۔اللہ تعالیٰ آپ کی رہنمائی اور عوام کی خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔بحرین کے شاہی خاندان کے رکن کی جانب سے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو خصوصی مراسلہ پاکستانی بحرین فرینڈ شپ سوسائٹی کے جنرل سیکرٹری رانا عبدالرشید اور گلف چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیدار شیخ ساجدنے پیش کیا۔وائس چیئرمین ضلع کونسل ڈیرہ غازی خان سردار جاوید اقبال قیصرانی بھی اس موقع پر موجود تھے۔شیخ احمد بن علی عبداللہ الخلیفہ کی جانب سے سردار عثمان بزدار کو بحرین کے دورہ کی دعوت بھی دی گئی۔شیخ احمد بن علی عبداللہ الخلیفہ نے کہاکہ بحرین آپ کا دوسرا گھر ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے دورے کی دعوت شکریہ کے سا تھ قبول کر لی ۔پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے بحرین میں اوورسیز پاکستانیز کی جانب سے انویسٹمنٹ کانفرنس کرائی جائے گی،جس کا اہتمام اور اخراجات اوورسیز پاکستانی رضا کارانہ طو رپربرداشت کریں گے۔ اوورسیز پاکستانیز کا کہنا ہے کہ بحرین کے سرمایہ کاروں کو موجودہ حکومت کی قیادت پر بھرپور اعتماد ہے۔بحرین میں بسنے والے پاکستانی مختلف شعبوں میں تعاون اورسرمایہ کاری کر یں گے ۔ وزیراعظم عمران خان کے 100روزہ ایجنڈے کی تکمیل کے لئے بھی ہر ممکن تعاون کے لئے تیار ہیں۔وزیراعلیٰ نے پاک بحرین فرینڈ شپ سوسائٹی اور گلف چیمبر آف کامرس انڈسٹری کا شکریہ ادا کیا ۔

مزید : صفحہ آخر