بجلی گیس کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہیں،حمزہ شہباز

بجلی گیس کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہیں،حمزہ شہباز

لاہور( این این آئی)پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ پارٹی رہنما اور کارکن ضمنی انتخاب میں کامیابی کیلئے ا پنا بھرپور کردارا دا کریں ، عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے حکومتی امیدواروں کو مسترد کر کے اپنا فیصلہ سنائیں گے،کارکن ہمارا اثاثہ ہیں اور طاقت ہیں انہیں مشاورت کے ہر عمل میں شامل کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ملاقات کیلئے آنے والے پارٹی کے سینئر رہنماؤں، ٹکٹ ہولڈرز ،موجودہ و سابق اراکین اسمبلی اور کارکنان سے گفتگو کرتے ہوے کیا ۔ حمزہ شہباز نے مسلم لیگ (ن) کے رہنماوحید گل سے ان کے والد کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی بھی کی ۔اس موقع پر شہداء چھ ستمبر ، بیگم کلثوم نواز کی جلد صحتیابی ،نواز شریف ،مریم نواز اور کیپٹن (ر)محمد صفدر کی جلد رہائی کیلئے بھی خصوصی دعا کی گئی ۔ملاقات کے دوران آئندہ ماہ ہونے والے ضمنی انتخابات ، مجموعی سیاسی صورتحال، پارٹی کے تنظیمی امور اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی مشاورت کی گئی ۔حمزہ شہباز نے کہا کہ پارٹی کی تمام تنظیموں کو فعال کیا جائے گا اور بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے۔ حمز ہ شہباز نے کہا کہ حکومت میں آنے کے بعد عوام کو ریلیف دینے کے دعویداروں نے بجلی اور گیس بم گرا دئیے ہیں جس سے عوام کی مشکلات بڑھ گئی ہیں ۔ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہیں اور اس کے خلاف اسمبلی کے اندر اور باہر بھرپور آواز بلند کی جائے گی۔

حمزہ شہباز

مزید : صفحہ آخر