دہشتگردی کیخلاف فر نٹیئر کورکی قربانیاں اظہر من الشمس ہیں، عابد لطیف

دہشتگردی کیخلاف فر نٹیئر کورکی قربانیاں اظہر من الشمس ہیں، عابد لطیف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ڈیرہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ)انسپکٹرجنرل فرنٹیئرکور(ساؤتھ)میجرجنرل عابدلطیف خان نے کہاہے کہ 6ستمبر1965کے دن کو ہم یوم دفاع کے طورپرہر سال مناتے ہیں ۔ اس سال ہم یوم دفاع کو پاک فوج ، پولیس ،فرنٹیئرکور اور دیگر شہدا ء کے ورثا کے ساتھ ملکر اور انکے گھروں میں جا کر منارہے ہیں۔بحیثیت قوم ہمیں دنیاکی کوئی طاقت ہمیں شکست نہیں دے سکتی ۔ دہشتگردی کے خلاف ہم نے جنگ بڑی دلیری کے ساتھ لڑ ی اور بے شما رقر بانیاں دیں ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے پاک فوج کے زیراہتمام یوم شہداء کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت میں کیا۔ تقریب میں شہدا ء کے خاندانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ تقریب میں اسٹیشن کمانڈربریگیڈئیرعمران سرتاج، کمشنر ڈیرہ جاوید مروت،ڈی آئی جی دارعلی خٹک ،ڈپٹی کمشنر نعمان افضل آفریدی ، ڈی پی او ظہوربابرآفریدی سمیت اعلی حکام بھی موجودتھے ۔ تقریب میں آرمی پبلک اسکول قلعہ اقبال گڑھ کے طلبہ نے ٹیبلوپیش کیے اورمحمدعبداللہ نے خوبصورت تقریرکی ۔ پاسبان آرمی پبلک اسکول کے طلبہ نے ملی نغمہ پیش کیا۔ تقریب میں شہدا کے ورثا میں گفٹس تقسیم کیے گئے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انسپکٹرجنرل فرنٹیئرکور(ساؤتھ)میجرجنرل عابدلطیف خان نے کہاکہ آج کے دن ہم تجدید عہدکرتے ہیں کہ ہم سب ملکر اس ملک کی خدمت کریں گے اوراگرضرورت پڑی تو اس کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔ تقریب کے آخرمیں مہمان خصوصی شہدا ء کے ورثا میں گھل مل گئے۔