چارسدہ میں آدم خوروں کی موجودگی کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ،پولیس حکام

چارسدہ میں آدم خوروں کی موجودگی کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ،پولیس حکام

چارسدہ (بیور ورپورٹ)چارسدہ پولیس نے علاقے میں آدم خوروں کی افواہوں کو من گھڑت قرار دیا۔ آدم خوروں کی افواہیں پھیلانے والے شہری نے پولیس کو اصل حقائق سے آگاہ کیا۔تفصیلات کے مطابق چارسدہ کے مختلف علاقوں میں آدم خوروں کی موجودگی کی متضاد اطلاعات کے حوالے سے ڈی پی او چارسدہ عرفان اللہ خان خان کی ہدایت پر ایس پی انوسٹی گیشن اور ڈی ایس پی فضل شیر خان کی سربراہی میں تحقیقاتی ٹیم نے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور آدم خوروں کی موجودگی کے حوالے سے عوام سے معلومات حاصل کئے ۔ تحقیقات کے دوران ایک بزرگ شہری نے انکشاف کیا کہ چند روز پہلے تین افراد کے پاس کلہاڑیاں دیکھ کر وہ سمجھے کہ یہ آدم خور ہیں اور ان کو مارنے کے لئے آرہے ہیں مگر بعد میں پتہ چلا کہ وہ لوگ لکڑ ہارے تھے ۔ پولیس کی تحقیقاتی ٹیموں نے مختلف علاقوں میں علمائے کرام ،سیاسی پارٹیوں کے ذمہ داران ، سماجی تنظیموں اور شہریوں سے بھی اس حوالے سے تفصیلی معلومات حاصل کی مگر کہیں سے بھی آدم خوروں کی موجودگی کی تصدیق نہ ہو سکی ۔ اس حوالے سے تحقیقاتی ٹیم نے عوام الناس کو یقین دلا یا کہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور اپنی معمول کی زندگی گزار یں ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر