وزیر اعظم نے بیورو کریسی کو عوام سے خندہ پیشانی سے پیش ہونے کی ہدایت کی ہے، سلطان محمد خان

وزیر اعظم نے بیورو کریسی کو عوام سے خندہ پیشانی سے پیش ہونے کی ہدایت کی ہے، ...

چارسدہ (بیورو رپورٹ) صوبائی وزیر قانون انسانی حقوق بیرسٹر سلطان محمد خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے بیورو کریسی کو واضح طور پر کہا ہے کہ سرکاری دفاتر میں عوام کے ساتھ عزت ا حترا م سے پیش آئیں ۔ صحافیوں کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ حکومت اور اداروں کی کار کر دگی پر گہری نظر رکھ کر رپورٹ کریں۔ وزیر اعلی محمود خان کی مشاورت سے ڈپٹی کمشنر چارسدہ کے خلاف انکوائری کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ وہ چارسدہ پریس کلب میں صحافیوں سے اظہار یکجہتی کے بعد میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے ۔ صوبائی وزیر قانون و انسانی حقوق بیرسٹر سلطان محمد خان نے کہا کہ صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے ۔صحافی معاشرے کے آنکھ اور کان ہیں ۔ جمہوریت کی بالا دستی میں صحافیوں کا بڑا اور کلیدی کر دار رہا ہے ۔ موجودہ حکومت میڈیا کی اہمیت سمجھتی ہے ۔ انہوں نے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر چارسدہ میاں عبدالقادر شاہ کی طرف سے صحافیوں کے ساتھ بد تمیزی اور ناروا سلوک کی شدید مذمت کی اور کہا کہ درختوں کی غیر قانونی کٹائی اور صحافیوں کو موقف دینے کی بجائے ان کی تذلیل کے حوالے سے وزیر اعلی محمود خان کی مشاورت سے انکوائری کے احکامات جاری کئے گئے ہیں اور انکوائری کے بعد قانون کے مطابق ڈپٹی کمشنر میاں عبدالقادر شاہ کے خلاف سخت سے سخت قانونی کاروائی کی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر نے وزیر اعظم عمران خان کی وژن کی خلاف ورزی کی ہے ۔ وزیر اعظم عمران خان نے اپنے پہلی تقریر میں سرکاری افسران کو عوام کو عزت دینے کی ہدایات جاری کئے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ صحافیوں کی ذمہ داری ہے کہ حکومت اور اداروں کی کارکر دگی پر نظر رکھ کر اجا گر کریں اور اس حوالے سے انفارمیشن ایکٹ کے تحت سرکاری افسران اس بات کے پابند ہیں کہ سرکاری امور کے حوالے سے میڈیا کو اپنا موقف دیں مگر ڈپٹی کمشنر نے اس حوالے سے ذمہ داری پوری کرنے کی بجائے صحافیوں سے بد تمیزی کی جو قابل بر داشت نہیں ۔ انہوں نے صحافیوں کو یقین دلایا کہ حکومت صحافیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور صحافیوں کے تمام جائز مسائل اور مشکلات حل کرینگے ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر