ضلعی انتظامیہ کوہاٹ کا بم دھماکوں میں شہید عام شہریوں کے گھر جاکر لواحقین سے اظہار یکجہتی

ضلعی انتظامیہ کوہاٹ کا بم دھماکوں میں شہید عام شہریوں کے گھر جاکر لواحقین سے ...

پشاور( سٹاف رپورٹر)ملک بھر کی طرح کوہاٹ میں بھی ضلع انتظامیہ نے یوم دفاع پاکستان کے موقع پر شہداء کو یاد رکھا اور ان کے گھروں میں جا کروالدین اور لواحقین سے اظہار یکجہتی کیا۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر کوہاٹ خالد الیاس کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شاہنواز نوید، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز عباس آفریدی،طاہر علی اور صاحبزادہ سمیع اللہ نے کوہاٹ کے نواحی اور دور افتادہ علاقوں میں جاکر بم دھماکوں میں شہید ہونے والے عام شہریوں کے والدین اور لواحقین سے اظہار یکجہتی کیا اور ان کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شاہنواز نوید اورایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عباس آفریدی نواحی علاقوں کاغذئی،کچہ پکہ ،چکر کوٹ ،علی زئی اور استرزئی سے تعلق رکھنے والے شہداء کے گھروں میں گئے اور لواحقین سے ملے اور انہوں یقین دلایا کہ ضلع انتظامیہ کوہاٹ ان کے ساتھ ہے اور ہمارے دفاتر کے دروازے ان کے لئے ہمیشہ کھلے ہیں اور وہ کسی بھی وقت ان سے رابطہ کرسکتے ہیں۔اسی طرح ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ز طاہر علی اور صاحبزادہ سمیع اللہ نے بھی شہداء کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہاکہ علاقے کے امن کے لئے شہداء نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور ان کی یہ قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔

مزید : پشاورصفحہ آخر