موجودہ حکومت جعلی، انتخابات میں مبینہ دھاندلی پر چیف الیکشن کمشنر مستعفی ہو جائیں ، فضل الرحمن

موجودہ حکومت جعلی، انتخابات میں مبینہ دھاندلی پر چیف الیکشن کمشنر مستعفی ہو ...

پشاور(سٹی رپورٹر)جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے موجودہ حکومت کو جعلی قرار دیتے ہوئے انتخابات میں مبینہ دھاندلی پر چیف الیکشن کمشنر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا، اپوزیشن اجلاس میں فیصلہ ہوا تھا پی ٹی آئی کا مقابلہ کیا جائے گا لیکن پیپلزپارٹی نے عین وقت پر شہباز شریف کو ووٹ دینے سے انکار کردیا، پیپلزپارٹی کے ووٹ نہ دینے کی منطق سمجھ نہیں آئی۔پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ تمام جماعتوں نے نہ صرف انتخابی نتائج پر تحفظات کا اظہار کیا بلکہ اسے قبول بھی نہیں کیا لہٰذا اب بھی وقت ہے الیکشن کمیشن اپنی ناکامی تسلیم کرے اور چیف الیکشن کمشنر مستعفی ہوجائیں۔انہوں نے کہاکہ ایم ایم اے عوام کو بیدار کرنے کیلئے مہم چلائے گی، اس وقت کی اکثریت کی حکومت جعلی ہے، اس وقت کے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ جعلی ہیں، حکومت نے آتے ہی عوام پر مہنگائی کے پہاڑ توڑ دیئے۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ موجودہ حکومت سفارتی آداب سے عاری ہے، حکومت نااہلوں کے حوالے کردی گئی ہے، اب ملک کو بچانا ہے، قومی آزادی کیلئے سب کچھ قربان کرنے کو تیار ہیں۔جے یو آئی کے سربراہ نے مزید کہا کہ موجودہ حکمران ملک کے دفاع کی اہلیت نہیں رکھتے، فوج ملک کے بھرپور دفاع کی صلاحیت رکھتی ہے، پاک فوج کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں، قوم ان کے شانہ بشانہ ہے۔

فضل الرحمن

مزید : کراچی صفحہ اول