سعودی عرب پیٹرو کیمیکل سیکٹر میں سرمایہ کاری کرے، پاکستان

سعودی عرب پیٹرو کیمیکل سیکٹر میں سرمایہ کاری کرے، پاکستان
سعودی عرب پیٹرو کیمیکل سیکٹر میں سرمایہ کاری کرے، پاکستان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (مہتاب حیدر) پاکستان نے سعودی عرب سے درخواست کی ہے کہ آئل ریفائنریز اور پیٹروکیمیکل سیکٹر میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرے تاکہ ملک کا تیل کا درآمدی بل جو اس وقت 4سے5ارب ڈالر سالانہ ہے اسے کم کیا جاسکے۔

وفاقی سیکریٹری برائے کامرس یونس ڈھاگا نے دی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ پاکستان کی مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تین ریفائنریز کے قیام کے امکانات کی نشاندہی کی گئی ہے اور سعودی عرب کے سرمایہ کار آئل رینفائنریز اور پیٹرو کیمیکل سیکٹرز میں اپنی مہارت متعارف کراسکتے ہیں تاکہ ملک کے تیل کے درآمدی بل کو کم کیا جاسکے۔ پاکستان اپنی دوتہائی ریفائن پیٹرولیم مصنوعات درآمد کیا کرتا تھا جبکہ اضافی سہولیات کی تنصیب سے ملک زرمبادلہ کی مد میں ٹھوس بچت کرسکتا ہے۔ یونس ڈھاگا نے کہا کہ ہم تجارت کے محاذ پر بھی توجہ دے رہے ہیں تاکہ اس شعبے میں خلیج کو کم کیاجاسکے۔ انہوں نے کہا کہ بڑی مقدار میں گوشت، سبزی اور پھل سعودی عرب کو برآمد کرسکتا ہے اور طرفین نے اس حوالے سے پیش رفت بھی کی ہے۔

سرکاری اعلان کے مطابق جنوری 2018میں اسلام آباد میں ہونےو الے 11ویں پاک سعودی مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس میں پاک سعودی مشترکہ ورکنگ گروپ برائے تجارت و سرمایہ کاری کا قیام عمل میں لایا گیا تھا تاکہ تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں ٹھوس باہمی تجارت کو فروغ دیاجاسکے۔ مشترکہ ورکنگ گروپ کا دوسرا اجلاس 5ستمبر 2018کو اسلام آباد مں ہوا جس کی صدارت وفاقی سیکریٹری کامرس یونس ڈھاگا اور سعودی عرب کے بیرونی تجارت کے ڈپٹی وزیر عبدالرحمن الحربی نے مشترکہ طور پر کی۔ اجلاس میں سعودی سفیر برائے پاکستان نواف سعید المالکی، سعودی عرب کی تجارت سرمایہ کاری، صعنت، معدنی وسائل سے متعلق وزارتوں کے اہلکار، سابک، مادن اور کامرس، توانائی، فوڈ سیکورٹی، پاکستان ٹریڈ ڈولپمنٹ اتھارٹی اور بورڈ آف انویسٹمنٹ کے اہلکاروں نے شرکت کی۔

وفاقی سیکریٹری کامرس یونس ڈھاگا نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان اور سعودی عرب میں دیرینہ اور تاریخی تعلقات کو بڑھتی ہوئی معاشی رابطے میں بدلنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے سعودی حکومت اور پرائیوٹ سیکٹر کو پاکستان کے آئل ریفائننگ، پیٹرو کیمیکل اور فوڈ پروسیسنگ سیکٹرز میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ سرکاری اجلاس کے بعد پیٹرولیم ڈویژن اور پرائیوٹ سیکٹر کی معروف کمپنیوں نے مجوزہ منصوبے پیش کئے۔ پہلے مشترکہ اجلاس کا فالو اب بھی زیر بحث آیا تاکہ بزنس ویزہ میں سہولت، جدہ میں پاکستانی مصنوعات کی نمائش اور مشترکہ بزنس کونسل کو فعال بنانے کا جائزہ لیا جائے۔

مزید :

قومی -عرب دنیا -