وفاقی وزیراطلاعات سے اے پی این ایس کے وفد کی ملاقات، ایک ماہ میں ڈیجیٹل میڈیا پالیسی لانے کا عزم، آزادی اظہار یقینی بنانے کا وعدہ

وفاقی وزیراطلاعات سے اے پی این ایس کے وفد کی ملاقات، ایک ماہ میں ڈیجیٹل میڈیا ...
وفاقی وزیراطلاعات سے اے پی این ایس کے وفد کی ملاقات، ایک ماہ میں ڈیجیٹل میڈیا پالیسی لانے کا عزم، آزادی اظہار یقینی بنانے کا وعدہ

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت آزادی اظہار کے تحفظ پر یقین رکھتی ہے اور اخبارات کی ترویج کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔انہوں نے یہ گفتگو بروز جمعہ آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کی۔ وفد کی سربراہی اے پی این ایس کے سیکرٹری جنرل سرمد علی کر رہے تھے۔ وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پاکستان اگر اوپر جائے گا تو سب اوپر جائیں گے جبکہ اگر پاکستان کی  مجموعی معاشی صورتحال بہترین ہوگی تو اس کا اثر اخبارات پر بھی پڑے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو اس بات کا احساس ہے کہ پرنٹ میڈیا سے ہزاروں لوگوں کا روزگار وابستہ ہے اور اشتہارات ختم کرنے سے اس انڈسٹری کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اے پی این ایس کو بھی اشتہارات کی منصفانہ اور شفافانہ انداز میں تقسیم کے لئے تجاویز حکومت کو دینی چاہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پچھلی حکومت نے جس طرح بے دریخ اشتہارات دیئے اس کی توقع موجودہ حکومت سے نہیں ہونی چاہیے مگر جائز اشتہارضرور دینا چاہیں گے۔ وزیر اطلاعات نے وفد کے ارکان کی توجہ اس طرف بھی دلائی کہ اخبارات کو جدیدتقاضوں کے مطابق چلانے کی ضرورت ہے اور وقت کے بدلتے تقاضوں کے ساتھ خود کو ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے اس بات کا یقین بھی دلایا کہ ایک ماہ کے اندر وفاقی حکومت اپنی ڈیجیٹل میڈیا پالیسی بھی لے آئے گی۔ انہوں نے پاکستان میڈیا یونیورسٹی بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا اور ایس بھی این ایس سے اس ضمن میں تعاون کی درخواست بھی کی۔

انہوں نے اس بات کا بھی یقین دلایا کہ حکومت میڈیا کے ضابطہ اخلاق کے حوالے سے کوئی بھی پالیسی سٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے بغیر نہیں بنائے گی ۔ اس حوالے سے  مختلف اداروں میں انضمام کرکے ایک بامقصد ادارہ بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ اخبارات کے واجبات کی ادائیگی کے لئے انتظامات کیے جائیں گے۔ اس سے قبل سرمد علی سیکرٹری جنرل اے پی این ایس نے وفاقی وزیر اطلاعات کو قومی اور علاقائی اخبار ات کے مسائل سے تفصیلاً آگاہ کیا۔

مزید : علاقائی /اسلام آباد /قومی