ناخن چبانے کی عادت نے نوجوان لڑکی کو کینسر کی مریضہ بنا دیا، یہ کیسے ممکن ہے؟ آپ بھی جانیں اور محفوظ رہیں
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) بعض لوگوں کو اپنے ناخن چبانے کی قبیح عادت ہوتی ہے لیکن اب برطانیہ میں اس عادت میں مبتلا ایک لڑکی کے متعلق ایسی خوفناک خبر آ گئی ہے کہ سن کر ایسے لوگ اس حرکت سے تائب ہو جائیں گے۔ میل آن لائن کے مطابق 20سالہ کورٹنی وائٹ ہارن نامی یہ لڑکی یونیورسٹی میں سائیکالوجی کی طالبہ ہے جو اپنے انگوٹھے کا ناخن چبانے کی عادی تھی اور اپنی اس عادت کی وجہ سے ایک نایاب قسم کے جلدی کینسر کا شکار ہو گئی اور ڈاکٹروں کو اس کا انگوٹھا ہی کاٹنا پڑ گیا۔
رپورٹ کے مطابق کورٹنی کو Acral lentiginous subungual melanomaنامی کینسر لاحق ہوا تھا۔ جس سے پہلے اس کے انگوٹھے کا ناخن خراب ہوا اور وہاں زخم بن گیا اور پھر پورے انگوٹھے کی جلد خراب ہونی شروع ہو گئی۔ کورٹنی وائٹ ہارن کا کہنا تھا کہ ’’جب مجھے پتا چلا کہ مجھے لاحق ہونے والے جلدی کینسر کی وجہ میری ناخن چبانے کی عادت ہے تو میں بکھر کر رہ گئی۔ یہ خیال میرے لیے بہت تکلیف دہ ہے کہ میں نے اپنے ساتھ یہ سب کچھ خود ہی کیا ہے۔ میرے چبانے کی وجہ سے انگوٹھے کا ناخن بالکل سیاہ ہو گیا تھا جسے چھپانے کے لیے میں جعلی ناخن استعمال کرتی تھی۔ میں سمجھتی تھی کہ یہ جلد ٹھیک ہو جائے گا لیکن صورتحال بگڑتی چلی گئی۔‘‘