کراچی میں ہنگامی بنیادوں پر صفائی مہم شروع کی جائے، نصرت واحد

  کراچی میں ہنگامی بنیادوں پر صفائی مہم شروع کی جائے، نصرت واحد

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی نصرت واحد نے کہا ہے کہ کراچی میں ہنگامی بنیادوں پر صفائی مہم شروع کی جائے۔ شہر میں جگہ جگہ گندگی و غلازت کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں۔ گٹر کا گندا پانی جھیل کا منظر پیش کررہا ہے۔ سندھ حکومت اور میئر نے کراچی کو موہنجودڑو میں تبدیل کردیا ہے۔ ندی و نالوں میں کچرا جمع ہے۔ نمائشی طور پر ندی و نالوں کی صفائی کی گئی۔ برساتی پانی سڑکوں و گلیوں میں تاحال جمع ہے۔ جس کی نکاسی نہ ہونے کے باعث شہری سخت اذیت کا شکار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ علی زیدی نے کچرے کے ڈھیر اٹھانے کیلئے اقدامات کیے تھے اور ہزاروں ٹن کچرا لینڈ فل سائیڈ پر منتقل کیا گیا تاہم ان کے پاس ہیوی مشنری، ڈمپرز وافر تعداد میں دستیاب نہیں تھے۔ تاہم انہوں نے جتنا بھی ممکن ہوسکا شہر کو صاف کرنے کیلئے کوششیں کی تھیں۔ نصرت واحد نے مزید کہا کہ سندھ حکومت اور میئر کراچی وسیم اختر ذاتی چپقلش سے نکل کر شہر کو صاف، سرسبز و شاداب بنانے کیلئے انتظامات کریں۔ کراچی کی صفائی و ستھرائی وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور میئر کراچی وسیم اختر کی ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...