حمزہ شہباز سالگرہ، پنجاب اسمبلی اور ماڈل ٹاؤن میں تقاریب، کیک کاٹے
لاہور(جنرل رپورٹر) مسلم لیگ ن کے زیر اہتمام پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کی سالگرہ کی تقریبات ہوئی جبکہ بڑی تقریب مسلم لیگ لاہور کے صدر محمد پرویز ملک کی صدارت میں ماڈل ٹاؤن مرکزی دفتر میں ہوئی،جس میں مہمان خصوصی ڈپٹی سیکرٹری جنرل عطاء اللہ تارڑ تھے،اس موقع پر سالگرہ کا کیک عطاء اللہ تارڑ،پرویز ملک،خواجہ عمران نذیر،شائستہ پرویز ملک،عمران گورائیہ سمیت دیگر نے کارکنوں کے ہمراہ کاٹا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑنے کہا کہ حمزہ شہباز کو قید میں پندرہ ماہ کا عرصہ گزر گیاہے آج یوم دفاع منا رہے ہیں ان غازیوں کو جنہوں نے جان کا نذرانہ پیش کیا سلام پیش کرتے ہیں،حمزہ شہباز کم عمر سیاسی اسیر ہیں انہیں اس جرم کی سزا دی گئی جو کیاہی نہیں۔مشرف دور کے دس سال ظلم برداشت کیا نیب نے ہر طرح کی تحقیقات کیں۔ اس وقت کے چئیرمین نیب نے حمزہ شہباز کو داد دی کہ ملک بھر سے ریکارڈ منگوایا لیکن آپ اور آپ کے خاندان پر کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔حمزہ شہباز نے اکیلے اپنے دادا کو لہد میں اتارا،نیب نیازی گٹھ جوڑ نے فائلیں چھان ماریں ایک روپے کی کرپشن پکڑ نہیں سکے اور سرکاری اداروں میں ایک روپے کی کرپشن کا ثبوت نہیں ملا۔انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز سے اثاثوں کی تفصیلات مانگی جاتی ہیں چار سو کنال کے تحفہ کی منی ٹریل قوم کو بتائیں۔ انہوں نے کہا کہ نیازی لمیٹڈ سروس سے عمران خان کو پیسے ملتے رہے لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں عمران خان نے زمان پارک میں نیا گھر تعمیر کروایاان سے کوئی نہیں پوچھتا۔
حمزہ سالگرہ