پاکستان اور سعودی عرب کی لازوال دوستی کا سفر ہمیشہ جاری رہے گا: سعودی سفیر

پاکستان اور سعودی عرب کی لازوال دوستی کا سفر ہمیشہ جاری رہے گا: سعودی سفیر

  

 لاہور(نمائندہ خصوصی) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے زیر اہتمام امام کعبہ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس کے خطبات حرم پر مشتمل کتاب کی تقریب رونمائی مرکز اہل حدیث 106 راوی روڈ لاہور میں منعقد ہوئی۔ جس کی صدارت سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کی۔ جبکہ مہمان خصوصی سعودی سفیر نواف سعید المالکی تھے۔ سینیٹر حافظ عبدالکریم نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعودی سفیر نے کہاکہ مرکزی جمعیت اہل حدیث کے سعود ی عرب کے ساتھ تاریخی تعلقات کی گواہی سب انصاف پسند دیتے ہیں۔ قیام پاکستان سے قبل ہی جمعیت اہل حدیث سعودی عرب کی حمایت میں پیش پیش رہی ہے۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث کے ساتھ سعودی عرب کے تعلقات ہمہ جہت ہیں۔ خطبات حرمیں کا اردو ترجمہ ایک اہم کام ہے، جس پر پیغام ٹی وی کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات میں کوئی فرق نہیں آیا۔ ہم یکجان دو قالب ہیں اور دوستی کا یہ لازوال سفر جاری رہے گا۔ امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم سعودی عرب سے تعلقات کو ایمان کا حصہ سمجھتے ہیں۔ سعودی سفیر پاکستان کے بھی سفیر ہیں۔ پاک سعودیہ تعلقات کو بحسن خوبی انجام دیا ہے۔یہی وجہ ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ تمام مکاتب فکر کے تعلقات ہیں۔ حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ تقریب میں سعودی سفیر کو پروفیسر ساجد میر اور حافظ عبدالکریم نے تلوار کا تحفہ بھی  پیش کیا۔ 

سعودی سفیر

مزید :

صفحہ آخر -