یوم دفاع و فضائیہ ایک عزم اور عہد تجدید کا دن ہے،جاوید قصوری

  یوم دفاع و فضائیہ ایک عزم اور عہد تجدید کا دن ہے،جاوید قصوری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی) امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہاہے کہ 6ستمبر ہمیں ان عظیم شہیدوں اور غازیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے جذبہ ایمانی اور اپنی جرأت سے یہ ثابت کیا کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔ قوم اپنے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ یوم دفاع و یوم فضائیہ ایک عزم اور عہد کی تجدید کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزدل دشمن نے جب ہمارے ملک پر وار کیا تو ہماری فضائیہ نے اس کا نہ صرف بھر پور جواب دیابلکہ دشمن کو پسپا کرکے دنیا کو باور کرادیا کہ پاکستان کے جانباز دفاع وطن کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں۔
 ہندوستان کو یاد رکھنا چاہیے کہ کیسے ہمارے شاہینوں نے جوابی وار کرتے ہوئے لدھیانہ، جالندھر، بمبئی اور کلکتہ کے ہوئی اڈوں پر حملہ کرکے کئی طیارے تباہ کیے۔ 27فروری بھی بھارت کے زخموں میں اضافے کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی ہندوستان کی طرف سے پاکستان کے خلاف سازشیں جاری ہیں۔ بھارت ہر قسم کی ہٹ دھرمی کرنے سے باز آجائے کیونکہ جذبہ جہاد اور شوق شہادت مسلمانوں کی تڑپ اور بھارتی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے قوم یکجا ہے۔ اہل کشمیر پاکستان کے دفاع اور تکمیل کی جنگ لڑرہے ہیں۔ ہندوستان اپنی طاقت کے بل بوتے پر کشمیریوں کو کچل کر پاکستان کی طرف بڑھنا چاہتا ہے۔ حکمرانوں کی ذمہ داری ہے کہ اہل کشمیر کی پکار سنیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ مودی اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ وہ عددی لحاظ سے پاکستان سے بہتر ہے۔ اگر ہماری طرف بڑھوگے تو پاکستان کے 22کروڑ فرزندان توحید اپنی جانیں نچھاور کرنے کے لیے تیار ملیں گے۔ پاکستان کلمہ کی بنیاد پر وجود میں آیا۔ اسی کی بنیاد پر قائم اور سلامت رہے گا۔