عوامی تحریک کی یوم دفاع کے موقع پر دعائیہ تقریبات

عوامی تحریک کی یوم دفاع کے موقع پر دعائیہ تقریبات

  

لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام یوم دفاع کے موقع پر شہر شہر دفاع پاکستان کے عنوان سے خصوصی دعائیہ تقریبات اور سیمینارز کا انعقاد کیا گیا۔ 1965 کی جنگ میں ملک پر جان نثار کرنیوالوں کی قبروں پر حاضری دی گئی۔ شہدا کی یادگاروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں اور فاتحہ خوانی کی گئی۔پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر چوہدری افضل فجر،حافظ غلام فرید،شفاقت مغل،ثاقب بھٹی،حاجی امجد کی قیادت میں مناواں سے واہگہ بارڈر جلو موڑ تک دفاع پاکستان ریلی نکالی گئی جس میں لوگوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ریلی میں شریک افراد نے کتبے،بینرز اور قومی پرچم اٹھا رکھے تھے۔

جن پر پاک فوج سے اظہار یکجہتی اور شہدا کو خراج تحسین پیش کرنے کے حوالے سے نعرے درج تھے۔عوامی تحریک کے رہنماؤں نے نشان حیدر میجر عزیز بھٹی،مناواں،جلو موڑ پر یادگار شہدا پر حاضری دی۔شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی طرف سے پھولوں کی چادر چڑھائی۔عوامی تحریک کے رہنماؤں نے لاہور میانی صاحب میں میجر شبیر حسین شہید نشان حیدر کے مزار پر بھی حاضری دی۔قائد منہاج القرآن کی طرف سے پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔دریں اثنا پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کی طرف سے لاہور،گوجرانوالہ،گجرات،فیصل آباد،چک جھمرہ،راولپنڈی و دیگر شہروں سے دفاع پاکستان ریلیاں نکالی گئیں۔ریلیوں کی قیادت پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے جنرل سیکرٹری میاں ریحان مقبول،میاں عبد  القادر،میاں کاشف و دیگر رہنماؤں نے کی۔ریلیوں میں پاکستان عوامی تحریک اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ریلیوں میں جنگ ستمبر1965 کے شہدا کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔شہدا کے ایصال ثواب کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے میاں ریحان مقبول،میاں کاشف،چوہدری افضل گجر،حافظ غلام فرید،شفاقت مغل نے کہاکہ ملک کا دفاع یقینی بنانے والوں پر فخر ہے۔6ستمبر کادن پیغام دیتا ہے کہ ملک کی بہادر افواج اور پاکستانی قوم مادر وطن کیلئے ناقابل فراموش قربانیوں کی تاریخ رقم کرنا جانتے ہیں۔رہنماؤں نے کہا کہ 6ستمبر کا دن ہمارے عزم اور حوصلوں کو تقویت دیتا ہے۔آج کے دن اس بات کا عزم بھی کرنا ہے کہ ملک کو درپیش خطرات اور چیلنجوں کا مقابلہ اسی صورت ممکن ہے کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق اور بھائی چارہ پیدا کریں۔عوام اور فوج مل کر پاکستان کے دشمنوں کو نیست و نابود کر دیں گے۔عوامی تحریک کے رہنماؤں نے پاک فوج کے شہیدوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ ہماری بہادر فوج نے ملک کے دفاع اور سلامتی کیلئے ہمیشہ قربانیوں کی بے مثال تاریخ رقم کی ہے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -