صفائی ستھرائی کی غیر تسلی بخش صورتحال پر اظہار نا پسندیدگی، کام نہ کرنیوالوں کو عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں: عثمان بزدار

    صفائی ستھرائی کی غیر تسلی بخش صورتحال پر اظہار نا پسندیدگی، کام نہ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیر اعلیٰ آفس میں لوکل گورنمنٹ سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبے کے بعض علاقوں میں صفائی کی غیر تسلی بخش صورتحال پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہروں اور قصبات میں گندگی دیکھ کر بلدیاتی عملے کا ٹس سے مس نہ ہونا افسوسناک ہے۔کام نہ کرنے والوں کو عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں۔لوکل گورنمنٹ کا عملہ اور افسران عوام کے مسائل حل کرنے میں کوتاہی نہ کریں۔صوبہ بھر میں لوکل گورنمنٹ کے فنڈز بحال کئے جا چکے ہیں جس سے گراس روٹ لیول پر ترقی کا نیا دور شروع ہوگا۔ صوبائی حکومت بلدیاتی الیکشن کیلئے تیاریاں مکمل کر رہی ہے،مقامی سطح کی قیادت اور اختیارات کی حقیقی معنوں میں نچلی سطح تک منتقلی سے ترقی کا ثمر لوگوں کی دہلیز تک پہنچے گا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ محکمہ بلدیات کے سب انجینئر کی میرٹ پر پروموشن کا عمل تیز کیا جائے۔بلدیاتی اداروں میں بلڈنگ انسپکٹرز کی خالی آسامیوں کی بھرتی پر کارروائی جلد مکمل کی جائے۔انہوں نے کہا کہ ”بلدیہ آن لائن ایپ“ کے یوزرز کی تعداد 2 لاکھ سے زائد ہونا خوش آئند ہے۔بلدیہ آن لائن ایپ کے ذریعے پیدائش، شادی وغیرہ سمیت 6 سروسز فراہم کی جا رہی ہیں۔سیکرٹری بلدیات نے شرکاء کو بلدیاتی الیکشن کی تیاری اور دیگر امور سے متعلق بریفنگ دی۔صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری قانون، سیکرٹری بلدیات، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔سردار عثمان بزدار سے پاکستان علماء کونسل کے سربراہ مولانا طاہر محمود اشرفی نے ملاقات کی۔مولانا طاہر محمو داشرفی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو پی ٹی آئی حکومت کے دو سال مکمل ہونے پر مبارکباددی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مولانا طاہر اشرفی کو حکومت پنجاب کے چیدہ چیدہ منصوبوں سے آگاہ کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب صوبے میں ہم آہنگی کے فروغ کیلئے علماء کرام کے کردار کی معترف ہے۔علماء کرام نے محرم الحرام کے موقع پر فرقہ واریت کے سدباب کیلئے بھرپور تعاون کیا۔انہوں نے کہا کہ انتہاپسندی کے خلاف نظریاتی جنگ میں علماء کرام کا کردار لائق تحسین ہے۔سوشل میڈیا پر کسی کو فرقہ واریت اور نفرت انگیز مواد پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ علماء کرام و مشائخ عظام سے ملاقات او رمشاورت کو اعزاز سمجھتا ہوں۔پنجاب میں محکمہ اوقاف کو بہتر اور فعال بنایا جا رہا ہے۔مدارس کے طلباء اور اساتذہ کو صحت انصاف کارڈ کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہبازگل نے ملاقات کی، جس میں پنجاب حکومت کی دو سالہ اچھی کارکردگی اوراس کی تشہیر پر تبادلہ خیال کیا گیا اورمیڈیا کے کارکنوں کے مسائل پر بھی بات چیت ہوئی۔شہباز گل کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ اوران کی ٹیم جلد ہی اسلام آباد کے صحافیوں کے ساتھ دو سالہ کارکردگی شیئر کرے گی۔
عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -