پاکستان کشمیری بھائیوں کیساتھ ڈٹ کر کھڑاہے اور کھڑا رہے گا: شبلی فراز
اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ ڈٹ کر کھڑا ہے اور کھڑا رہے گا۔یوم دفاع کے موقع پرویڈیو پیغام میں وزیر اطلاعات نے کہاکہ ہم اپنے شہیدوں اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے مادر وطن کے تحفظ، دفاع اور سلامتی کے لئے شہادت کا جام پیا۔انہوں نے کہاکہ آج کے دن اس عزم کی تجدید بھی کرتے ہیں کہ پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ ڈٹ کر کھڑا ہے اور کھڑا رہے گا۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان ہر فورم پر کشمیریوں کی وکالت کرتے رہیں گے،پاکستان ان کی سیاسی سفارتی اور اخلاقی امداد جاری رکھے گا۔ سینیٹر شبلی فرازنے کہاکہ اے وطن تو سلامت رہے۔۔ شاد رہے۔۔ آباد رہے۔ پاکستان پائندہ باد۔دریں اثناوفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے یومِ دفاع کے موقع پر اپنے والد احمد فراز کے شعر کے ذریعے پیغام جاری کیا۔
کچھ اہلِ ستم، کچھ اہلِ حشم مے خانہ گرانے آئے تھے
دہلیز کو چوم کے چھوڑ دیا دیکھا کہ یہ پتھر بھاری ہے
جب پرچمِ جاں لے کر نکلے ہم خاک نشیں مقتل مقتل
اس وقت سے لے کر آج تلک جلادپہ ہیبت طاری ہے
سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے صحافی محترمہ شاہینہ شاہین کے قتل کا اندوہناک واقعہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ معاملے کی تہہ تک جائیں گے،آزادی اظہار رائے پر پختہ یقین ہے۔صحافیوں کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے،ہم اس فرض کو پورا کریں گے۔
شبلی فراز