بھارت کی گود میں بیٹھنے والوں کو سازش نہیں کرنے دینگے: فیاض الحسن
لاہور،راولپنڈی(این این آئی) وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ 6ستمبر کا دن افواج پاکستان کے ان شہدا ء کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے کہ جن کے نام سے دشمنوں کو سردی لگتی ہے۔ بھارت کی گود میں بیٹھنے والوں کو سازش نہیں کرنے دیں گے۔ پاک فوج کا شمار دنیا کی 5 بہترین فورسز میں ہوتا ہے۔ ہم پاکستان کے لیے تن من دھن لگانے والوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ کچھ لوگوں نے سی پیک کے خلاف سازشیں کیں لیکن جب ان کی جان پر آ جائے تو دائیں بائیں،آگے پیچھے، اوپر نیچے کوئی کچھ نہیں دیکھتا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی آرٹس کونسل میں آل پاکستان پرائیویٹ سکول مینجمنٹ ایسو سی ایشن کے زیر اہتمام 6ستمبر یوم دفاع کے حوالے سے منعقدہ تقریب اور بعدازاں میڈیاسے خطاب میں کیا۔فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کے باعث پرائیویٹ سکولوں کو درپیش مسائل سے آگاہ ہیں اور ان کے مسائل کیلئے کوشاں ہیں۔ حکومت کے کووڈ۔19کو روکنے کے حوالے سے جتنے اقدامات کئے سپریم کورٹ آف پاکستان نے بھی اس کو سراہا۔ حکومت کی طرف سے عوام کے لئے 58ارب روپے کا پیکیج دیا گیا او پچھلے سال ٹیکس ریلیف کی مد میں 18ارب روپے کا پیکیج دیا گیا۔
فیاض الحسن چوہان