یوم دفاع کے موقع پر کچہری چوک  مظفر گڑھ میں پرچم کشائی کی تقریب

       یوم دفاع کے موقع پر کچہری چوک  مظفر گڑھ میں پرچم کشائی کی تقریب

  

 مظفرگڑھ(بیورو رپورٹ تحصیل رپورٹر)ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین نے کہا ہے کہ پاکستان کی سوہنی (بقیہ نمبر11صفحہ 6پر)

دھرتی کی حفاظت کیلئے پاکستانی قوم کا ہر فرد اپنے لہو کا آخری قطرہ بہانے کیلئے ہر وقت تیار ہے یہ بات انہوں نے یوم دفاع پاکستان کے موقع پر کچہری چوک مظفرگڑھ میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ آج یوم دفاع پاکستان پر تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کا اکٹھا ہونے کا مقصد دنیا کو یہ باور کرانا ہے اور یہ پیغام دینا ہے کہ ہمارے جسموں میں چلتا ہوا خون اس پاک وطن کی حفاظت کرنا جانتا ہے، ہم نے اپنے ملک کی آبیاری اس خون سے کی ہے اور آئندہ بھی اپنے خون سے کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر اس قوم کا ہر فرد پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑا ہوگااور ایک قدم پیچھے نہیں ہٹے گا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہم آج کے دن پاک فوج کے ان شہداء  کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اس ملک سلامتی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور اس ملک کی حفاظت اپنے لہو سے کی۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ ضرورت پڑنے پر ہم اسلام کیلئے اور اس ملک کیلئے اپنے لہو کا آخری قطرہ تک بہادیں گے۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین نے 7بجکر 55منٹ پر پرچم کشائی کی اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احسان الحق، سی ای او تعلیم کوثر حسین، ڈی ایس پی شمشاد، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن عثمان جاوید سرویا، انجمن تاجران اور تاجر اتحاد کے عہدیداران,  سول سوسائٹی کے اراکین، ٹیچر یونین سے عبدالغفار کاکڑ، پاکستان تحریک انصاف کے تحصیل صدر راؤ  ساجد وحید، نیاز احمد، مرزا مدثر اور ملک قادر سنانواں بھی موجود تھے، پرچم کشائی کے بعد قومی ترانہ پڑھا گیا، گورنمنٹ ہائی سکول کوٹ ادو کے طالب علم عبدالمجید نے یوم دفاع کے حوالے سے تقریر کی۔ تقریب میں ریسکیو 1122، سول ڈیفنس کے رضا کار، سکاؤٹس، ٹائیگر فورس کے رضا کار،سکولوں کے اساتذہ،طلبہ اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی، بعد ازاں ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ انجینئر امجد شعیب خان ترین مظفرگڑھ سے تعلق رکھنے والے پاک فوج کے شہدا سپاہی زاہد اقبال اور سپاہی محمد آصف غوری  کے گھر گئے اور ان کے والد کو گلدستہ پیش کیااور پاک فوج کے سپاہیوں کی عظیم شہادت پر خراج تحسین پیش کیا۔

تقریب

مزید :

ملتان صفحہ آخر -