ساجد گوندل بازیابی، پولیس رپورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ میں آج جمع کروائی جائیگی
اسلام آباد(آن لائن)چیئرمین لاپتہ افراد کمیشن جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے ایس ای سی پی کے جوائنٹ ڈائریکٹر ساجد گوندل کے پراسرار لاپتہ ہونے کے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے اور سیکرٹری داخلہ و آئی جی اسلام آباد سے اس ضمن میں رپورٹ طلب کرلی ہے۔جاری بیان کے مطابق چیئرمین لاپتہ افراد کمیشن نے ساجد گوندل کے اہل خانہ کو بھی بدھ کے روز اسلام آباد میں لاپتہ افراد کمیشن کے ہیڈ کوارٹرز میں ذاتی طورپر سننے کے لئے بلایا ہے۔دوسر طرف ایس ای سی پی کے لاپتہ افسر ساجد گوندل کی بازیابی سے متعلق اسلام آباد پولیس کی طرف سے آج ّ(پیر کو) اسلام آباد ہائیکورٹ میں رپورٹ جمع کروائی جائے گی،ساجد گوندل کے مبینہ طور پر لاپتہ ہونے کا مقدمہ تھانہ بنی گالہ میں درج کیا گیا ہے،عدا لت نے سرکاری افسر کی عدم بازیابی کی صورت میں سیکرٹری داخلہ اور چیف کمشنر کو پیش ہونے کا حکم دے رکھا ہے۔تفصیلات کے مطابق تھانہ بنی گالہ کی حدود سے لاپتہ ہونے والے ایس ای سی پی کے افسر ساجد گوندل کے اہلخانہ کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس آج (پیر کو) سماعت کرینگے۔ گزشتہ سماعت پر عدالت نے ساجد گوندل کو پیر تک بازیاب کرانے کا حکم دیا تھا،اسلام آباد پولیس آج پیر کو ہائیکورٹ میں اپنی رپورٹ جمع کروائے گی،دوسری جانب پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ساجد گوندل کے موبائل فون کا ڈیٹا حاصل کر لیا گیا ہے اور اس ڈیٹا کی روشنی میں تحقیقات جاری ہے تاہم سرکاری افسر کے کی بازیابی کے معاملہ پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔
ساجد گوندل