ٓٓآئی پی پیز سے نئے معاہدوں کے بعد بجلی سستی ہو جائے گی: شاہ محمود قریشی 

ٓٓآئی پی پیز سے نئے معاہدوں کے بعد بجلی سستی ہو جائے گی: شاہ محمود قریشی 

  

  ملتان (سپیشل رپورٹر) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود حسین قریشی نے کہا ہے کہ ملتان کا سب سے بڑا اور دیرینہ مسئلہ سیوریج کا ہے اس مسئلہ پر کئی دہائیوں سے توجہ نہیں دی گئی مگر اب اس اہم ایشو کو حل کرنے کے لئے جامع پلاننگ کی جا رہی ہے شہر کی بوسیدہ سیوریج لائنوں کی تبدیلی کے لیے سوا 2 ارب روپے کی مالیت کے منصوبے پر باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے جاپان انٹرنیشنل کو آپریشن ایجنسی (جائیکا) واسا ملتان کو 2ارب 79کروڑ روپے کی مشینری کی خریداری کے لیے خصوصی گرانٹ دے رہا ہے جس واسا کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا بلکہ مدینہ الاولیاء کے باسیوں کو نکاسی آب کے مسائل سے بہت بڑا ریلیف ملے گا سیوریج کے پانی کی ٹریٹمنٹ کے لیے بھی میگا پراجیکٹ پر عمل درآمد بارے تیزی سے اقدامات کیے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ پہلے ہم منصوبوں کے کیسز کی منظوری اور فنڈز کے حصول کے لیے لاہور جاتے تھے آج اللہ کے فضل و کرم سے پورے جنوبی پنجاب کا فیصلہ ملتان بیٹھے ہوئے کر سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے اپنے منشور میں جو وعدہ کیا تھا اس کو عملی جامہ پہنانا شروع کر دیا ہے جنوبی پنجاب صوبے کی تکمیل کیلئے اختیارات کی منتقلی، سیکرٹریٹ کے قیام، افسران کی تعیناتی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے16 محکمے منتقل ہورہے ہیں جن کے سیکرٹری ملتان اور بہاولپور میں بیٹھیں گے انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبے کے حوالے سے اتنی بڑی تبدیلی ہوئی ہے جس کا ابھی لوگوں کو اندازہ نہیں پنجاب کے سابق ادوار میں جنوبی پنجاب کے اضلاع کے فنڈز شفٹ کر دیے جاتے تھے جس سے نہ صرف ایک سال میں مکمل ہونے والے منصوبے دس دس سالوں میں مکمل ہوتے تھے جس سے ان کی لاگت بہت بڑھ جاتی تھی اور عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا مگر اب پنجاب کے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں جنوبی پنجاب کی4 کروڑ آبادی کے 11 اضلاع کے لیے علیحدہ اے ڈی پی پرنٹ ہو گی ملتان،ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور ڈویژن کے اضلاع کے فنڈز اب اپر پنجاب میں شفٹ نہیں ہو سکیں گے انہوں نے کہا کہ اگلا مرحلہ ملتان میں سول سیکرٹریٹ کا قیام ہے جنوبی پنجاب کے کے سیکرٹریوں کے لیے سرکٹ ہاؤس میں عارضی دفاتر قائم کیے جا رہے ہیں  مستقل سیکریٹریٹ کے لئے جوڈیشل کمپلیکس کے قریب سینکڑوں کنال سرکاری اراضی کے حصول کا کیس موو کر دیا گیا ہے انہوں نے ان خیالات کا اظہار قومی حلقہ 156 میں 52 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر نیو شاہ شمس ڈسپوزل سٹیشن کے افتتاح کے موقع پر اہل علاقہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا چیئرمین ایم ڈی اے میاں جمیل احمد، سابق چیئرمین ایم ڈی اے رانا عبدالجبار منیجنگ ڈائریکٹر واساناصر اقبال اور دیگر موقع پر موجود تھے قبل ازیں منیجنگ ڈائریکٹر واسا ناصر اقبال نے بریفننگ دیتے ہوئے بتایا کہ نیو شاہ شمس ڈسپوزل اسٹیشن کا منصوبہ ملتان کے شہریوں کے لیے کسی قیمتی تحفے سے کم نہیں اور یہ سٹیٹ آف دی آرٹ پراجیکٹ جنوبی پنجاب بھر میں نکاسی آب کے منصوبوں میں انفرادی اہمیت کا حامل ہے جبکہ اس میگا پراجیکٹ کی تکمیل واسا ملتان کے لیے بھی ایک بڑی خوشخبری ہے اور اس بڑے منصوبے کے آپریشنل ہونے سے حالیہ مون سون سیزن کے دوران شہریوں کو نکاسی آب کے حوالے سے بڑی حد تک ریلیف ملا ہے انہوں نے بتایا کہ 64 کنال رقبے پر محیط   185کیوسک گنجائش کے ڈسپوزل اسٹیشن میں 14 پمپ، مکینیکل سکریننگ چیمبر سمیت دیگر جدید مشینری، آلات اور جنریٹرز نصب کیے گئے ہیں جبکہ تین کولکٹنگ ٹینک، ایک آفس بلڈنگ اور 6 سٹاف کوارٹروں کی تعمیر بھی مکمل ہے جبکہ منصوبے کے تحت ملحقہ علاقوں  میں 12سے 72انچ سائز کی تقریبا 30 کلومیٹر طویل سیوریج لائنوں کا نیٹ ورک بھی نصب کیا گیا تھا جو کہ تمام نیو ڈسپوزل سیشن سے منسلک ہو چکا ہے اور اس منصوبے میں رنگیل پور،کڑی جمنداں، ڈیرہ محمدی، لاثانی کالونی،رام کلی، لیبر کالونی، گلشن فیض بستی الہ آباد،ناظم ٹاؤن، رانا ٹاؤن، اسلام پورہ،محسن ٹاؤن، گلشن رضا،ویلج گارڈن،فضل ماڈل،شورکوٹ،وزیرِ آباد، الفرید ٹاؤن، الخلیل ٹاؤن، اقراء ٹاؤن، جوہر ٹاؤن، بہاولپور بائی پاس، بستی دیگر سمیت دیگر علاقوں کو نکاسی آب کی سہولت فراہم ہوئی ہے۔ علاوہ ازیں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ٹیک آف کر لیا ہے۔ اب سہولتوں کی فراہمی اور عوام کو ریلیف دینے کا وقت آن پہنچا ہے۔حکومت آئی پی پیز کے معاہدوں کو ریوائز کرنا چاہتی ہے۔وزیراعظم عمران خان نے آئی پی پیز سے بجلی کے نرخوں میں کمی کے لیئے بات چیت کی ہے۔ اس حوالے سے کئی نشتیں ہو چکی ہیں۔ آئی پی پیز سے نئے معاہدوں سے بجلی کے نرخ میں کمی آئے گی۔ سابقہ حکومت نے بجلی کی کمی کو دور کرنے کے لیئے نئے پاور پلانٹ لگائے اور آئی پی پیزسے معاہدے اتنے مہنگے کئے تھے کہ بجلی کے نرخ بڑھے۔غلط منصوبہ بندی کی بدولت زرعی نقصان بھی ہوا اور بجلی کے نرخ بھی بڑھے۔عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالا گیا۔سولر انرجی پراجیکٹس پر بھی کام ہو رہا ہے۔ جب سولر ونڈ اور ہائیڈرل پاور پراجیکٹ ساتھ آئیں گے تو بجلی سستی ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز فاطمہ جناح ٹاؤن ملتان میں 132کے وی گرڈ سٹیشن کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی پارلیمانی سیکرٹری مخدومزادہ زین حسین قریشی‘ صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک‘ میپکو چیف رضا خان نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ماضی کے ادوار میں کسی نئے ڈیم کے منصوبے پر کام نہیں کیا گیا۔ ہماری حکومت نے دیامیر بھاشا ڈیم پر کی تعمیر پر کام شروع کردیا ہے۔ بھاشا دیامیر ڈیم سات سالوں میں مکمل ہوگا اس سے ہاکستانی فائدہ اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا  وزیراعظم عمران خان نے کنسٹرکشن انڈسٹریز پر ایک تاریخی ریلیف پیکج دیا ہے۔ کنشٹرکشن انڈسٹری کے فروخ سے روز گار پیدا ہوگا اور لوگوں کی قوت خرید میں اضافہ ہوگا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا فاطمہ جناح کالونی عرصہ دراز سے بن چکی لیکن سہولیات کی عدم فراہمی کی وجہ سے آباد نہ ہو سکی۔ نئے گریڈ اسٹیشن سے 5 ہزار کمرشل اور 500 انڈسٹریل کنکشن دستیاب ہونگے۔ اس گریڈ اسٹیشن سے 14 نئے فیڈرز بنائے جائیں گے جس سے بجلی کی ٹرپنگ میں کمی آئے گی۔ اور عوام کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔اس گرڈ اسٹیشن سے چالیس ہزار نئے گھریلو کنکشنز فراہم کئے جائینگے۔  اس منصوبہ میں 51 ملین روپے سے لوگوں کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جائے گا۔ اور  اس لوگوں کے گھروں سے گزرنے والی مین بجلی کی تاروں پر پروٹیکشن کور لگایا جائے گا۔انہوں نے کہا  امید کرتا ہوں کہ گرڈ کا منصوبہ جلد سے جلدمکمل کیا جائے گا اور اعلی میعار پر مکمل کیا جائے گا جس سے لوگوں کو فائدہ ہوگا۔انہوں نے کہا میپکو کے معاملات کی بہتری کے لیئے اور لوگوں کی آسانی کے لیئے میپکو چیف سے ایک طویل نشست ہوئی۔جس میں انہیں ہدایت کی ہے کہ جنوبی پنجاب کے شہریوں کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے اورواپڈا سروسز کے حوالے سے عوامی شکایات کا ازالہ کیا جائے۔انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ  فاطمہ جناح ٹاؤن میں گیس کنکشنز کی فراہمی کے لیئے بھی منصوبہ بندی کی جائے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی پارلیمانی سیکرٹری خزانہ مخدومزادہ زین حسین قریشی نے کہا عوام کو بجلی‘ سوئی گیس‘ صحت‘ تعلیم ودیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ حکومت عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرکے عوا م کی زندگیوں میں آسانی لانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف کی حکومت اپنے منشور کے مطابق درست سمت جا رہی ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے کہاپنجاب کی دس یونیورسٹیوں کے لیئے سولر پراجیکٹ کا آغاز کیا جا رہا ہے جس سے تعلیمی اداروں کو کم نرخوں پر بجلی فراہم کی جائیگی۔انہوں نے کہامہنگائی کو لے کر کچھ لوگ حکومت کے خلاف پراپگنڈا کرتے ہیں۔ نواز دور میں پیٹرول 110 روپے تھا۔اس وقت 105روپے لیٹر ہے۔ ہماری حکومت مہنگائی پر کنٹرول کرنے کیلئے تمام اقدامات کررہی ہے۔ عوامی پریشانی کے مسائل وقت کے ساتھ بہتر ہونگے اور حل ہونگے۔انہوں نے کہا مخدوم شاہ محمود نے جس گریڈ کا افتتاح کیا ہے اس سے علاقہ کی بجلی کی ضروریات پوری ہونگی۔ اور علاقے کی ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔تقریب میں چیئرمین ایم ڈی اے میاں جمیل‘ پی ٹی آئی رہنما رانا عبدالجبار‘ راجہ عبدالغفار‘ شیخ طاہر‘ ملک طارق ارائیں‘ خضر حیات بلوچ‘ حیات خان بلوچ‘ مخدوم شعیب اکمل ہاشمی‘ پی ٹی آئی رہنما قربان فاطمہ ودیگر احباب اس موقع پر موجود تھے۔دریں اثناء وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ملتان میں مصروف دن گزارا۔ موضع اکرم آباد میں ڈاکٹر شریف کے بھائی کی قل خوانی میں شرکت کی۔ یوسی 49 میں سابق ٹکٹ ہولڈر و چیئرمین رب نواز خٹک کی عیادت کی۔ ممتاز آباد اپنے حلقے انتخاب میں پیز اشاپ کا افتتاح کیا۔ یوسی 29 میں سابق چیئرمین امین انصاری کی رہائش گاہ پر آئے جہاں انہوں نے حلقے کے اکابرین سے ملاقات کی۔ مسائل سنے اور موقع پر احکامات جاری کئے۔ کلاتھ مارکیٹ 14 نمبر چونگی میں معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب حاجی جاوید اختر انصاری کے دفتر گئے۔ کلاتھ مارکیٹ میں تاجروں سے ملاقات کی۔ یوسی 18 میں سابق چیئرمین شکیل سخاوت انصاری کی رہائش گاہ پر گئے ان کے والد کی عیادت کی۔ اکابرین سے ملاقات کی۔ مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے۔ بھٹہ کالونی میں ملک یوسف بھٹہ کے والد حاجی وزیر بخش بھٹہ مرحوم کی رسم چہلم میں شریک ہوئے۔ سجان پور میں عبدالستار پنوار کی صاحبزادی کی شادی میں شریک ہوئے۔

شاہ محمود

مزید :

صفحہ اول -