جنوبی پنجاب میں یوم دفاع پر شہر شہر تقریبات‘ ریلیاں 

      جنوبی پنجاب میں یوم دفاع پر شہر شہر تقریبات‘ ریلیاں 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ملتان‘ وہاڑی‘ ڈیرہ‘ بہاولپور‘ خانیوال‘ عبدالحکیم‘ میاں چنوں‘ ٹھٹھہ صادق آباد‘ رحیم یار خان‘ حاصل پور‘ صادق آباد‘ اوچشریف‘ خانپور‘ لودھراں‘ مخدوم رشید‘ تونسہ‘ گوگڑاں‘ مظفر گڑھ‘ راجن پور‘ چوک سرور شہید کوٹ ادو‘ باگڑ سرگانہ‘ جتوئی‘ کبیروالا‘ وہوا‘ پکھی موڑ‘ خان گڑھ (سٹی رپورٹر + وقائع نگار + بیورو رپورٹ + نمائندگان پاکستان) صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات وثقافت پنجاب،ترجمان وزیراعلٰی پنجاب، ایم پی اے اور ممبر صوبائی کشمیر کمیٹی پنجاب محمد ندیم قریشی  نے کہا ہے کہ6 ستمبر 1965ء میں بھارت نے تمام بین الاقوامی قوانین بالائے طاق رکھتے ہوئے رات کی تاریکی میں مکارانہ اور بزدالانہ حملہ کرکے یہ ثابت کر دیا کہ وہ نہ تو دوست اچھا ہے اور نہ ہی دشمن اچھا ہے اور یہی وجہ ہے کہ اسے منہ کی کھانا پڑی اور ذلت و رسوائی اس کا مقدر بنی آج ایک مرتبہ پھر اس نے اسی مکاری کے ساتھ مقبوضہ کشمیر پر جو حملہ کر کے کشمیریوں پر جو مظالم کا سلسلہ شروع کیا ہے تو ان شاء اللہ ایک مرتبہ پھر اسکو منہ کی کھانا پڑے گی پاکستان کی غیور عوام اپنی افواج کے شانہ بشانہ کشمیر کی آزادی کے لئے خون کے آخری قطرے اور آخری سانس تک لڑیں گے ان خیالات کااظہار انہوں نے ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن ملتان کے زیر اہتمام یوم دفاع پاکستان کے موقع پر منعقدہ خصوصی سیمینار بعنوان''اے راہِ حق کے شہیدو'' سے بحثیت مہمان خصوصی خطاب میں کیا۔ جس کی صدارت چئیرمین اوورسیز پاکستانیز کمیشن ملتان مخدوم شعیب اکمل قریشی ہاشمی نے کی جبکہ تقریب کے مہمانان اعزاز میں وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق سید فخر امام شاہ کے صاحبزادے رہنما پاکستان تحریک انصاف بریسٹر سید عابد امام شاہ، جنرل سیکرٹری PTI شعبہ خواتین جنوبی پنجاب قربان فاطمہ، مارکیٹنگ منیجرشمع بناسپتی عمران اعظمی اور صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن نعیم اقبال نعیم تھے۔ تقریب کے میزبان ایگزیکٹو ممبر اوورسیز پاکستانیز کمیشن ملتان انجنئیر رانا محمد شیراز، ممبر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن علی صابر سبحانی،محمد ارسلان سرفراز اور PS چئیرمین اوورسیز پاکستانیز کمیشن سید شہباز حیدر بخاری تھے۔ اس موقع پر خطا ب کرتے ہوئے  محمد ندیم قریشی نے کہا کہ بھارت نے پاکستان پر ثقافتی یلغار کر رکھی ہے اور ہماری نئی نسل کو اپنی ثقافتی یلغار کے ذریعے بے راہ روی کی طرف مائل کر کے کمزور کر رہا ہے ہمیں اپنے مکار و عیار دشمن سے صرف اسلحہ کے ذریعے سرحد پر نہیں بلکہ سفارتی محاذ اور جدید علوم کے ساتھ ہر محاذ پر جنگ کرنی ہے۔ مجلس احرار اسلام پاکستان کے مرکزی رہنماء مولانا سید عطائالمنان بخاری، مجلس احرار اسلام ملتان کے امیر مولانا محمد اکمل،  ضلعی سیکرٹری اطلاعات  فرحان حقانی سمیت دیگر مقامی رہنماؤں نے یوم دفاع کے موقع پر کہا کہ یہ پاک وطن بڑی قربانیوں اور جدوجہد کے بعدحاصل کیا گیا ہے۔  6 ستمبر 1965 کے دن افواج پاکستان کے جانثار شہداء کی لازوال قربانیوں کو تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی۔پاک فضائیہ کے عظیم شہداء نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔اکابرین احرار و پاکستان، علمائے کرام اور مشائخ عظام  سمیت تمام شہدائے پاکستان کی قربانیاں  ہماری آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہے۔6ستمبر کے موقع پر ہم تجدیدِ عہد وفا کرتے ہیں کہ ہم اس پاک وطن کی سلامتی اور دفاع کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس  پنجاب   ڈاکٹر رضوان نصیر کی ہدایت کی روشنی میں یوم دفاع کے موقع پر ریسکیو 1122 کے افسران اور ملازمین نے ڈیرہ غازی خان    ریسکیو کے شہداء کی قبروں پر  پھولوں کی چادر چڑھائی،چاق وچوبند دستے نے سلامی دی۔شہداء کی فیملی سے ملاقات کی گئی۔ڈسٹرکٹ  ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122ڈیرہ غازی خان ڈاکٹر حسین میاں کی زیر صدارت سنٹرل سٹیشن پر یومِ دفاع پاکستان کی تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان کی سربلندی اور سلامتی کے لئے دعا کی گئی۔جنگ ستمبر کے شہدا کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی گئی۔اس موقع پر خاص طور پر ڈیرہ غازی خان کے ریسکیو 1122کے شہدا کی فیملیز کو  مدعو کیا گیا اور ان کو تحائف دییگئے۔ڈاکٹر حسین میاں نے کہا کہ شہید کی موت قوم کی حیات ہے۔شہدا ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔تمام شہداء کے بلند درجات کے لیے دعا کی گئی۔تقریب کے بعد ڈیرہ غازی خان ریسکیو کے شہداء کی قبروں پر ڈاکٹر حسین میاں نے پھولوں کی چادر چڑھائی اور ریسکیورز کے دستے نے سلامی دی۔اور قبرستان میں پودے بھی لگائے۔اس موقع پر ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر محمد اختر خان بھٹہ بھی ہمراہ تھے۔ ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر رضوان نصیر کی ہدایت پر یوم شہدا 6 ستمبر کا گزشتہ روز دن منایا گیا ہے۔اس سلسلہ میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افیسر ڈاکٹر کلیم اللہ نے جام شہادت نوش کرنے والے ریسکیو جوان شہید راؤ تصور اور محمد یونس کی قبروں پر ان کے آبائی قبرستانوں میں جاکر ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر رضوان نصیر کی طرف سے پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء  کی قبر پر گل پاشی کی۔  ریسکیو جوانوں پر مشتمل چاک چوبند دستہ نے شہداء کی قبر پر قومی پرچم لہرایا اور سلامی پیش کی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمر جنسی افیسر ڈاکٹر کلیم اللہ کا کہنا تھا کہ وطن عظیم اور قوم کی خاطر جانوں کا نزرانہ پیش کرنے والے شہداء  ہمارا فخر ہیں۔ان کی قربانی ہمارے لئے مشعل راہ ہے ہم ان کی قربانی کو بھولے نہیں ہیں یہ آج بھی ہمیں یاد ہیں اور انکی یادیں ہمارے ساتھ ہیں _ ہم ریسکیو 1122 پاک افوج،پولیس سمیت تمام شہداء  کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کرتے ہیں کہ ملک و قوم کی خاطر جان کی قربانی دینے سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔  یوم دفاع پاکستان کے موقع پر پٹرولنگ پولیس کے افسران نے مختلف اضلاع کے پٹرولنگ پوسٹ  اور سرکاری گاڑی  پر قومی پرچم اور کشمیری پرچم کو بھی لہرایا۔اس حوالے سے  ریلیاں تقریبات منعقد کی گئیں شہریوں کے ساتھ ساتھ پولیس افسران و ملازمان جن میں موبائل ایجوکیشن یونٹ ٹیم  اور انچارج اسسٹنٹ سب انسپکٹر  شاہنواز نے بھی شرکت کی ایس پی ذبید پروین نے کہا وطن کے ان جوانوں کو سلام جنہوں نے ملکی دفاع کے  لیے  اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے  پیش کرکے  قوم کا سر فخر سے بلند کیا اور آئندہ بھی  ملکی سلامتی ترقی اور جمہوریت کے استحکام کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔  پاکستان تحریک انصاف کے رہنماوں و دیگر سیاسی وسماجی شخصیات نے یوم دفاع کے موقع پر ایک سروے میں اظہار خیال کیا رکن قومی اسمبلی اورنگزیب خان کھچی،رکن صوبائج اسمبلی رائے ظہور کھرل،نور خان بھابھہ صدر جنوبی پنجاب کا کہنا تھا کہ آج کا دن 6ستمبر 1965 کا وہ دن یاد دلاتا ہے جب رات کی تاریکی میں دشمن نے ملکی سرحدوں پر شب خون مارا اور یہ کہا کہ ہم صبح لاہور جم خانہ میں جاکر جشن منائیں گے لیکن جشن تو کیا منانا تھا اپنا اسلحہ،ٹینک اور بزدل فوجیوں کی لاشیں بھی چھوٹ جر بھاگ گئے تھے ڈسٹرکٹ سپورٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کے سینیئر وائس چیئرمین راو شہادت علی خان نے 1965 کی جنگ میں شہید ہونے والے جوانوں کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے ورثاء سے کہا کہ پوری قون کو آپ کے جگر گوشوں پر فخر ہے جنہوں نے اپنی جان جان آفرین کے حوالہ کرکے پوری قوم کی حفاظت یقینی بناتے ہوئے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ایم پی اے پاکستان مسلم لیگ میاں ثاقب خورشید،لیگی رہنما میاں نیرب خورشید ایڈووکیٹ نے کہا کہ65کی جنگ نے ثابت کیا کہ جنگ میں عددی اکثریت نہیں بلکہ جوش،جذبہ اور قوم پر مرمٹنے کی خواہش مقابلہ کرتے ہیں ہمارے جوانوں نے خود سے چھ گنا بڑی فوج کو دھول چٹا کر یہ ثابت بھی کردیا جماعت اسلامی کے رہنما حاجی رفیق انجینئر اور حاجی طفیل وڑائچ نے شہداء کو سلام عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں سب سے بڑا محسن قرار دیا پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما راو ساجد محمود گوگی نے کہا کہ 6ستمبر قوم کی تاریخ کا سنہری باب ہے جنہوں نے ایک بڑی طاقت کے غرور کو خاک میں ملاکر دشمن پر واضع کیا اگر دوبارہ ایسی غلطی کی تو سب کچھ فنا کردیں گے ملک بھر کی طرح ضلع خانیوال میں بھی یوم دفاع پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا گیا شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر پرضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام مرکزی تقریب ڈسٹرکٹ جناح لائبریری ہال میں منعقد ہوئی-صوبائی وزیر سید حسین جہانیاں گردیزی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم دفاع پاکستان دشمن کے خلاف یکجاہونے کا دن ہے انہوں نے کہا کہ مادر وطن پاکستان کی خاطر پاک فوج اور پولیس کے شہداء کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے کہا کہ ملک کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء پاک فوج و پولیس اور سول افراد ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد علی وسیم نے کہا کہ شہدا ء کے بچے میرے اپنے بچے ہیں ا

ن کی فیملیز کے لئے میرے دفتر کے دروازے ہمہ وقت کھلے ہیں۔ایم پی اے نشاط احمد خان ڈاھا نے کہا کہ یوم دفاع ہمارا عزم مضبوط کرتا ہے۔ایم پی اے ملکہ شاہدہ احمد حیات نے کہا کہ شہداء ستمبر کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھلایا جاسکتا۔تقریب میں طلباء وطالبات نے ملی نغمے، ترانے اور تقاریر پیش کرکے حاضرین کے لہو کو گرمایا۔آخر میں خواجہ عبدالمالک صدیقی نے دعا کرائی۔بعد ازاں صوبائی وزیر سید حسین جہانیاں گردیزی،ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی،ڈی پی او محمد علی وسیم،فوجی افسران، ممبران صوبائی اسمبلی اور پی ٹی آئی کے عہدیداران کے ہمراہ شہداء کی فیملیز میں گھل مل گئے بچوں کو پیار کیا اور تحائف دیے تقریب کے اختتام پر ضلعی انتظامیہ کی طرف سے شہداء کی فیملیز کیلئے ہائی ٹی کا اہتمام کیا گیا جبکہ ضلع کی چاروں تحصیلوں کے ہیڈ کوارٹر پر بھی یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے تقاریب منعقد کی گئیں۔ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی اور ڈی پی او محمد علی وسیم پاک فوج اور پولیس کے شہداء کے گھروں میں بھی گئے جہاں انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی اور لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا۔ تقریب میں پاک فوج کے شہداء کے بچوں اور ان کے اہلخانہ کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔55 واں یوم دفاع چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو آفس ملتان  میں پْر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیاجس میں مہمان خصوصی فوکل پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو ملتان و ضلعی صدر پی ٹی آئی وومن ونگ آصفہ سلیم نے شرکت کی۔تقریب کی صدارت ڈسٹرکٹ آفیسر چائلڈ پروٹیکشن بیورو فیاض احمد بٹ نے کی۔چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں رہائش پذیر بچوں نے شہداء  پاکستان و آرمی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ٹیبلوز پیش کئے۔فوکل پرسن و پی ٹی آئی رہنما آصفہ سلیم نے اپنے خطاب میں پاک فوج کو زبردست خراج تحسین اور سلام پیش کیا اور  بچوں میں تحائف بھی تقسیم کئے  آخر میں شہدائے افواج پاکستان اور ملکی سالمیت کے لئے خصوصی دعا مانگی گئی۔ جماعت اسلامی کے رہنما ڈاکٹر سید وحید احمد ڈاکٹر طاہر احمد چودھری رانا ظہور احمد راؤ محمد اختر محمد شاہد خان نے اپنے مشترکہ بیان میں کہاہے کہ 6ستمبر ہمیں ان عظیم شہیدوں اور غازیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے جذبہ ایمانی اور اپنی جرات سے یہ ثابت کیا کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔ قوم اپنے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ یوم دفاع و یوم فضائیہ ایک عزم اور عہد کی تجدید کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزدل دشمن نے جب ہمارے ملک پر وار کیا تو ہماری فضائیہ نے اس کا نہ صرف بھر پور جواب دیابلکہ دشمن کو پسپا کرکے دنیا کو باور کرادیا کہ پاکستان کے جانباز دفاع وطن کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں۔ ہندوستان کو یاد رکھنا چاہیے کہ کیسے ہمارے شاہینوں نے جوابی وار کرتے ہوئے لدھیانہ، جالندھر، بمبئی اور کلکتہ کے ہوائی اڈوں پر حملہ کرکے کئی طیارے تباہ کیے۔ 27فروری بھی بھارت کے زخموں میں اضافے کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی ہندوستان کی طرف سے پاکستان کے خلاف سازشیں جاری ہیں۔ بھارت ہر قسم کی ہٹ دھرمی کرنے سے باز آجائے کیونکہ جذبہ جہاد اور شوق شہادت مسلمانوں کی تڑپ اور بھارتی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے قوم یکجا ہے۔ چھ ستمبر یو م دفاع  کے حوالے سے پاک فوج کے دستے کی چوک سرور شہیدآمد،شہید گیاری سیکٹر میجر ذکا الحق شہید کی قبر پر حا ضری اور فاتحہ خوانی کی، تفصیل کے مطا بق  چھ ستمبر یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے میجر ابرار اور میجر ثاقب کی قیادت میں پاک فوج کے دستے نے شہید گیاری سیکٹر میجر ذکاالحق شہید کی قبر پر حاضری دی اور شہید کی قبر پرفاتحہ خوانی کی اس کے بعد شہید گیاری سیکٹر میجر ذکاالحق شہید کے والد سردارعبدالحق خان چانڈیہ کو پاک فوج کی طرف سے اعزازی شیلڈ بھی پیش کی گئی۔ ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر رضوان نصیر(ستارہ امتیاز) کی ہدایت پر پنجا ب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 بہاول پور نے6 ستمبر یوم دفاع و شہدا کے موقع پر گذشتہ برس دوران ایمرجنسی شہید ہونے والے عاشق علی (ڈرٹ ریسکیور)کی قبر پر پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو1122کی طرف سے پورے اعزاز کیساتھ اسکے آبائی گاؤں چک نمبر112ڈی بی تحصیل یزمان میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر باقر حسین دیگر ریسکیو افیسران اور ریسکیو 1122 کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کرتے ہوئے پھولوں کی چادر چڑھائی اورعاشق علی شہید کیلئے درجات بلندی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر باقر حسین و دیگر سٹاف نے عاشق علی شہید کے والد اور فیملی ممبران سے ملاقات کی اورتحائف پیش کیئے۔ اس موقع پر ریسکیو آفیسران و اہلکارجوانوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔قبرستان میں دعا کے بعد ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر باقر حسین نے بتایا کہ ریسکیو 1122 کے جوان جذبہ حب الوطنی سے سر شار ہوکر ملک وقوم خدمت کر رہے ہیں اور کسی کی بھی جان بچانے کیلئے خطرات سے کھیلتے ہیں۔اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ ان شہداء کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطاکرے اور ان کے والدین کو صبر و جمیل عطاکرے۔ ڈپٹی کمشنر راجن پور ذوالفقار علی نے یوم دفاع پاکستان پر پیغام میں کہا کہ وطن عزیز کے دفاع کے لئے اپنی جانیں قربان کرنے والے بہادر سپوتوں کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ 1965ء کی جنگ میں اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو منہ توڑ جواب دینے والے شہدا آج بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہیں۔ دریں اثناء عبدالحکیم‘ میاں چنوں‘ ٹھٹہ صادق آباد‘ رحیم یار خان‘ حاصل پور‘ صادق آباد‘ اوچشریف‘ خان پور‘ لودھراں‘ مخدوم رشید‘ تونسہ‘ وہوا‘ گوٰگڑاں‘ مظفر گڑھ‘ خان گڑھ‘ چوک سرور شہید‘ کوٹ ادو‘ دائرہ دین پناہ‘ باگڑ سرگانہ‘ جتوئی‘ کبیروالا‘ پکھی موڑ اور دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں یوم دفاع کے حوالے سے تقریبات منعقد کی گئیں‘ جس میں دفاع وطن کے لئے ہر قسم کی قربانی دینے کا عزم کیا گیا جبکہ مقبوضہ کشمیر میں انڈین آرمی کے مظالم کی شدید مذمت کی گئی۔

مزید :

صفحہ اول -