" کراچی کے عوام دعا مانگیں کہ وزیراعظم کے اعلان کردہ گیارہ سو ارب میں سے آدھی رقم شہر پر ضرور لگ جائے‘ یہ بہت بڑا سوال ہے کہ یہ پیسہ کراچی پر لگے گا یا۔۔۔" سینئر صحافی حسن نثار بھی خاموش نہ رہ سکے

" کراچی کے عوام دعا مانگیں کہ وزیراعظم کے اعلان کردہ گیارہ سو ارب میں سے آدھی ...

  

کراچی (ویب ڈیسک)سینئر تجزیہ کار حسن نثار نے کہا کہ ن لیگ کسے بیوقوف بنارہی ہے کہ نواز شریف کو واپسی سے روک دیا گیا ہے، نواز شریف نے خود ن لیگیوں کو کہا ہوگا کہ مجھے ہر قیمت پر واپس آنے سے روکا جائے۔

جیو نیوز کے پروگرام میں وزیراعظم کے کراچی پیکیج پر تبصرہ کرتے ہوئے حسن نثار نے کہا کہ کراچی کے عوام دعا مانگیں کہ وزیراعظم کے اعلان کردہ گیارہ سو ارب میں سے آدھی رقم یعنی کم از کم ساڑھے پانچ سو ارب شہر پر ضرور لگ جائیں‘ یہ بہت بڑا سوال ہے کہ یہ پیسہ کراچی پر لگے گا یا پہلے کی طرح کھالیا جائے گا، پیپلز پارٹی کو سندھ میں مسلسل اقتدار میں بارہ سال ہوگئے کراچی مسلسل اجڑتا جارہا ہے، کراچی کی شکل و صورت سنور گئی تو کریڈٹ تحریک انصاف کو جائے گا جو پیپلز پارٹی کو ہضم نہیں ہوگی۔

حسن نثار کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار کم گو ضرور ہے لیکن کام بہت زیادہ کررہا ہے،پنجاب میں عید الاضحی پر غلاظت کے ڈھیر ہوتے تھے اس عید پر چونکا دینے والی صورتحال تھی، پہلی دفعہ پنجاب بہتر، مضبوط اور محفوظ ہاتھوں میں لگ رہا ہے۔سڑکوں پر گھسیٹنے سے لے کر پیٹ پھاڑ کر پیسہ نکالنے کی باتیں ایک طرف رکھ کر شہباز شریف اور آصف زرداری کی ملاقات پر حسن نثار کا کہنا تھا کہ ہمارے ہاں اسی وجہ سے سیاست کا لفظ گالی بن گیا ہے، ان کو اپنے اپنے کیسوں اور مفادات نے اکٹھا کیا ہے آئندہ سب کچھ ٹھیک ہوگیا تو ان کی ایک دوسرے سے دشمنی دوبارہ ابھر کر سامنے آئے گی۔

اینٹی منی لانڈرنگ بل پر اپوزیشن کی مخالفت پر تبصرہ کرتے ہوئے حسن نثار نے کہا کہ عمران خان کا اس پر تبصرہ بہت درست ہے، اپوزیشن کی اینٹی منی لانڈرنگ بل کی مخالفت ملک کو کمزور کرنے اور بیرونی دشمن قوتوں کو مضبوط کرنے کے مترادف ہے۔

حسن نثار نے کہاکہ فواد چوہدری بہت ہی زیادہ قابل تحسین ہے اس نے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کا ڈھنگ ہی بدل کر رکھ دیا ہے ورنہ یہ الماس بوبی ٹائپ وزارت تھی، بھنگ کا صنعتی استعمال پر مذاق اڑانے والوں کو پتا نہیں کہ ادویات بے شمار کیمیکلز پودوں سے حاصل کیے جاتے ہیں۔

حسن نثار نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کی بات درست ہے کہ تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ ایگزیکٹو کا اختیار ہے، عام آدمی سب کچھ برداشت کرے لگا لیکن اولاد اس کیلئے بہت اہم ہوتی ہے اس لئے انتظامیہ بہت سوچ سمجھ کر کوئی فیصلہ کرے۔

مزید :

علاقائی -سندھ -کراچی -