دنیا کو پیغام دینا چاہتاہوں پاکستان ایک امن پسند ملک ہے ہم پر جنگ تھوپی گئی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے،جنرل باجوہ 

 دنیا کو پیغام دینا چاہتاہوں پاکستان ایک امن پسند ملک ہے ہم پر جنگ تھوپی گئی ...
 دنیا کو پیغام دینا چاہتاہوں پاکستان ایک امن پسند ملک ہے ہم پر جنگ تھوپی گئی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے،جنرل باجوہ 

  

راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ دنیا کو پیغام دینا چاہتاہوں کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے ہم پر جنگ تھوپی گئی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے،ہمیں جب بھی آزمایا گیا ہم سرخروہوئے ،بالاکوٹ کے ناکام حملے پر ہم نے اینٹ کا جواب پتھر سے دیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یوم دفاع پاکستان کے حوالے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 6ستمبر ہماری تاریخ کا لازوال دن ہے،6ستمبر کو بہادری کی لازوال داستانیں رقم ہوئیں،ہم نے کل بھی کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دی تھی،ہم آج بھی دشمن کو شکست دینے کیلئے تیار ہیں۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاکہ شہدا کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتا ہوں،شہدا کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھولیں گے،شہدا ہمارے ہیروز ہیں،جو قومیں اپنے ہیروز کو بھولتی ہیں وہ مٹ جایا کرتی ہیں،آپ کے جذبہ ایثار کو سلام پیش کرتا ہوں،یقین دلاتا ہوں ہم آپ کے ساتھ ہیں اور رہیں گے ،یہ دن کارگل اور دہشت گردی کےخلاف شہدا کی یاد میں بھی منایا جاتا ہے۔

آرمی چیف نے کہاکہ اعزازات حاصل کرنے والوں کو مبارکباد پیش کرتاہوں ،آپ نے فرض کی ادائیگی کے دوران پیشہ وارانہ معیار کاثبوت دیا،ہم سب کو آپ پر ناز ہے ،آپ کو ملنے والے میڈلز ہم سب کیلئے باعث افتخار ہیں ۔جنرل باجوہ نے کہاکہ ہم نے آزادی حاصل کی جو ہمارے آج او رکل کی پہچان ہے،وطن کی آزادی اور سلامتی ہمارانصب العین ہے،پاک فوج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو پوری دنیا نے تسلیم کیا،پاکستانی قوم سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے،کوئی دشمن ہماری اس محبت کو شکست نہیں دے سکتا،پاکستانی قوم کی پاک افواج سے محبت لازوال ہے،قوم کااعتمادغیر متزلزل ہے ،میں قوم کے جذبوں کو سلام کرتا ہوں ۔

پاک فوج کے سپہ سالار نے کہاکہ مشرقی و مغربی سرحدوں پر حالت جنگ کاسامنارہا،زلزے اورسیلاب جیسی آزمائشیں بھی درپیش رہیں ، دشمن ہمارے خلاف لگاتار سازشوں کا جال بنتا آرہا ہے،بھارت نے ہمیشہ کی طرح ایک غیرذمہ دارانہ رویہ اختیار کر رکھا ہے،بھارتی غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کیاگیا،بھارت کے غیرقانونی اقدام کے بعد خطے کا امن ایک بار پھر خطرات سے دوچار ہے۔

جنرل باجوہ نے کہاکہ اس میں کوئی شک نہیں کہ جموں و کشمیر عالمی طور پر تسلیم شدہ مسئلہ ہے،مقبوضہ کشمیر سے متعلق ہم کسی بھی یکطرفہ فیصلے کوتسلیم نہیں کرتے، بانی پاکستان نے بھارتی غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قراردیاتھا،بانی پاکستان کے قول کا ہر لفظ ہمارے ایمان کا حصہ ہے،اس حوالے سے ہم کسی لچک کا مظاہر ہ نہیں کریں گے ۔

آرمی چیف نے کہاکہ ہمیں نئے حاصل شدہ اسلحے کے انبار سے مرعوب نہیں کیا جا سکتا ،ہم پر کوئی دھمکی اثرانداز نہیں ہو سکتی ،افواج پاکستان پوری قوت سے لیس،چوکنااورباخبر ہیں ،دشمن کی کسی بھی حرکت کاجواب دینے کیلئے تیار ہیں ،پاکستان ایک زندہ حقیقت ہے ،دنیا کو پیغام دینا چاہتاہوں کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے ہم پر جنگ تھوپی گئی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے،ہمیں جب بھی آزمایا گیا ہم سرخروہوئے ،بالاکوٹ کے ناکام حملے پر ہم نے اینٹ کا جواب پتھر سے دیا۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -علاقائی -پنجاب -راولپنڈی -