”انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ اور ٹی 20 سیریز ہارنے پر بہت افسوس ہے“ 

”انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ اور ٹی 20 سیریز ہارنے پر بہت افسوس ہے“ 
”انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ اور ٹی 20 سیریز ہارنے پر بہت افسوس ہے“ 

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ اور ٹی 20 سیریز نہ جیتنے پر افسوس ہے البتہ مجموعی طور پر کارکردگی قدرے بہتر رہی اور آہستہ آہستہ چیزیں مزید بہتر ہوں گی۔ 

تفصیلات کے مطابق قذافی سٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق نے کہا کہ ٹیسٹ کے بعد ٹی 20 سیریز نہ جیتنے کا پچھتاوا ہے، انگلینڈ کا دورہ بہت اہم تھا کیونکہ کرکٹ کئی مہینوں تک بند تھی، بطور ٹیم اور کوچ اس سیریز کے ہارنے پر افسوس رہے گا مگر 30 کھلاڑی تیاری کے بغیر گئے تھے، اس کے باوجود مجموعی طور پر کارکردگی قدرے بہتر ہی رہی جبکہ غیر معمولی صورتحال میں دورہ کرنے پر انٹرنیشنل میڈیا نے ہماری ٹیم کو سپورٹنگ ٹیم کہا جو بہت مثبت چیز ہے۔

مصباح الحق نے کہا کہ حیدرعلی کو بھی ہم ہی لائے، سینئرز اچھی کارکردگی دکھاتے ہوئے آرہے تھے جبکہ حیدر کے بیٹنگ نمبر کی وجہ سے انہیں پہلے نہیں کھیلا سکے، حفیظ جب اعتماد میں دکھائی دیے تو ان کو موقع دیا، ٹی 20 میں کہا جاتا ہے پاکستان کے پاس فائر پاور نہیں، ہم نے 2 میچز میں 190 سے اوپر سکور کیا، بہتری کی طرف بڑھ رہے ہیں تاہم چیزیں آہستہ آہستہ مزید بہتر ہوں گی۔

ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ ہر چیز میں بہتری کی گنجائش ہوتی ہے مجموعی طور پر اپنے ویژن پر نوجوان کھلاڑیوں پر سرمایہ کاری کرنا ہے، جیسی کرکٹ ہم کھیل رہے ہیں اس کے باوجود رزلٹ ہمارے حق میں نہیں آرہے۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ میں بہت زیادہ مصروف تھا، بطور سلیکٹر ملک میں ڈومیسٹک معاملات میں نہیں دیکھ سکتا تھا، ندیم خان کے ساتھ بیٹھ کر اب معاملات زیر بحث لاؤں گا، ڈومیسٹک سیزن شروع کرنے کیلئے کوچز کی تعیناتی بھی ضروری تھی۔

مزید :

کھیل -