بھارت میں کورونا وائرس کی شکار خاتون کو ہسپتال لیجاتے ہوئے ایمبولینس ڈرائیور نے زیادتی کا نشانہ بنا دیا
نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں ایک ایمبولینس ڈرائیور نے کورونا وائرس کی مریض خاتون کو ہسپتال لیجاتے ہوئے راستے میں جنسی زیادتی کا نشانہ بناڈالا۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق یہ انسانیت سوز واردات بھارتی ریاست کیرالہ کے ضلع پٹھانامتھیٹا میں پیش آئی جہاں اس خاتون کی کورونا وائرس کے باعث حالت تشویشناک ہوئی اور اسے ہسپتال منتقل کرنے کے لیے ایمبولینس سروس کے ایمرجنسی نمبر 108پر کال کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق نوفل نامی ڈرائیور ایمبولینس لے کر خاتون کو لینے آیا اور ہسپتال لیجاتے ہوئے راستے میں اسے جنسی زیادتی کا نشانہ بناڈالا۔ ملزم کا تعلق الاپوزا سے ہے اور وہ سٹیٹ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کیرالہ کی ایمبولینس سروس میں بطور ڈرائیور ملازمت کرتا ہے۔ خاتون کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد جب ملزم نے اسے ہسپتال پہنچایا تو خاتون نے ہسپتال کے عملے کو واقعے کے متعلق بتا دیا جنہوں نے پولیس کو اطلاع دے دی۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔