پاکستان کی تاریخ میں پہلی خاتون کرکٹ میچ ریفری مستقبل میں کیا کرنا چاہتی ہیں؟ شاندار اعلان کر دیا

پاکستان کی تاریخ میں پہلی خاتون کرکٹ میچ ریفری مستقبل میں کیا کرنا چاہتی ...
پاکستان کی تاریخ میں پہلی خاتون کرکٹ میچ ریفری مستقبل میں کیا کرنا چاہتی ہیں؟ شاندار اعلان کر دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) ثمن ذوالفقار پاکستان میں نئی تاریخ رقم کرنے والی خواتین میں شمار کی جاتی ہیں جنہوں نے ثابت کیا ہے کہ خواتین ہر شعبے میں مردوں کے شانہ بشانہ کام کر سکتی ہیں، والدین، سوسائٹی اور سسرال والے سپورٹ کریں تو خواتین مردوں کیلئے مخصوص سمجھے جانے والے شعبوں میں بھی کامیاب ہو سکتی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ثمن ذوالفقار کو پاکستان کی پہلی خاتون کرکٹ میچ ریفری ہونے کا اعزاز حاصل ہے جو 2016ءسے اس شعبے سے وابستہ ہیں لیکن ان کے علاوہ اب تک پاکستان میں کوئی اور خاتون اس شعبے منسلک نہیں ہوئی، اس طرح منفرد اعزاز ثمن ذوالفقار کو ہی حاصل ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے حال ہی میں ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 21-2020ءکیلئے آفیشلز کا اعلان کیا ہے اور ثمن ذوالفقار ڈویلپمنٹ پینل میں شامل واحد خاتون میچ ریفری ہیں، ان کا تعلق شیخوپورہ سے ہے اور وہ 9 ماہ کی بیٹی کی ماں بھی ہیں۔
ثمن ذوالفقار کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی حوصلہ افزائی سے قبل مجھے اپنے گھر والوں سے بہت سپورٹ ملی، مجھے کام کرنے کی اجازت ملی، میں نے تعلیم مکمل کی اور پھر شادی کے بعد مجھے سسرال والوں نے کام سے نہیں روکا، میں اس لحاظ سے خود کو خوش قسمت سمجھتی ہوں کہ مجھے ہر کسی سے اتنا تعاون مل رہا ہے کہ میری لئے کام جاری رکھنا آسان ہی نہیں بلکہ آگے بڑھنا بھی آسان ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ میں یہ اعزاز حاصل کرکے بہت خوش ہوں کہ میں پاکستان کی پہلی خاتون میچ ریفری ہوں اور اب تک واحد خاتون میچ ریفری ہوں، میں دوسری لڑکیوں سے بھی کہوں گی کہ پی سی بی بہت مواقع فراہم کر رہا ہے اس سے فائدہ اٹھائیں۔ اپنے اگلے اہداف کے بارے میں ثمن ذوالفقار نے کہا کہ میں نیشنل لیول پر زیادہ سے زیادہ میچز سپروائز کرنے کے بعد پاکستان سپر لیگ اور انٹر نیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرنا چاہتی ہوں، مجھے امید ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ مجھے وہ بھی موقع فراہم کرے گا۔

مزید :

کھیل -