آسٹریلیا کیخلاف تیسرے ٹی 20 میچ سے قبل انگلینڈ کو زوردار جھٹکا لگ گیا، بڑی مشکل کھڑی ہو گئی

آسٹریلیا کیخلاف تیسرے ٹی 20 میچ سے قبل انگلینڈ کو زوردار جھٹکا لگ گیا، بڑی ...
آسٹریلیا کیخلاف تیسرے ٹی 20 میچ سے قبل انگلینڈ کو زوردار جھٹکا لگ گیا، بڑی مشکل کھڑی ہو گئی

  

لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) آسٹریلیا کیخلاف ٹی 20 سیریز کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کرنے والے انگلش اوپنر جوز بٹلر بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزی کرنے کے باعث سیریز کے تیسرے میچ سے باہر ہو گئے ہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق انگلش اوپنر جوز بٹلر نے آسٹریلیا کیخلاف دوسرے ٹی 20 میچ میں 54 گیندوں پر 2 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 77 رنز کی ناقابل شکست دھواں دھار اننگز کھیل کر میچ اور سیریز جیتنے میں اہم کردار ادا کیا، اس شاندار کارکردگی پر جوز بٹلر کو میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا، انہوں نے سیریز کے پہلے میچ میں بھی زبردست بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا کیخلاف بڑا مجموعہ ترتیب دینے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

دوسرے ٹی 20 میں کامیابی کے بعد بائیو سیکیور ببل سے باہر جانے پر بٹلر اب تیسرا میچ نہیں کھیل سکیں گے۔ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کا کہنا ہے کہ میچ کے بعد وہ اپنی فیملی کے ہمراہ چلے گئے تھے، اس لئے بائیو سیکیور ببل سے باہر ہونے پر وہ ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔

واضح رہے کہ جوز بٹلر ون ڈے سکواڈ میں بھی شامل ہیں اور آسٹریلیا کیخلاف تین میچوں کی ون ڈے سیریز کا آغاز جمعہ سے ہونا ہے جس میں بلے باز کی شرکت کورونا کا ٹیسٹ منفی آنے سے مشروط کر دی گئی ہے، ان کی ٹیسٹنگ مکمل ہونے پر ہی بائیو سیکیور ببل میں شمولیت ممکن ہو سکے گی جس کے بعد وہ دوبارہ سے سکواڈ میں شامل ہو سکتے ہیں۔

مزید :

کھیل -