سعودی عرب: سفارتخانہ پاکستان کے زیراہتمام یومِ دفاعِ پاکستان کی پروقار تقریب منعقد کی گئی

سعودی عرب: سفارتخانہ پاکستان کے زیراہتمام یومِ دفاعِ پاکستان کی پروقار ...
سعودی عرب: سفارتخانہ پاکستان کے زیراہتمام یومِ دفاعِ پاکستان کی پروقار تقریب منعقد کی گئی

  

ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں سفارت خانہ پاکستان میں یوم دفاع پاکستان کی تقریب منعقد ہوئی جس میں اسلامی عسکری اتحاد کے کمانڈر جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف نے خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ سفیر پاکستان لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ بلال اکبر سمیت دیگر سفارتی افسران بھی شریک تھے ان کے علاوہ دیگر غیر ملکی سفارت خانوں کے ملٹری اتاشی فوجی افسران کے علاوہ اعلی سعودی حکام بھی شریک ہوئے. 

سفارت خانہ پاکستان کے ملٹری اتاشی بریگیڈیئر راجہ ہارون نے سفیر پاکستان بلال اکبر کے ہمراہ مہمانوں کا خیر مقدم کیا، غیر ملکی سفارت کاروں اور ملٹری اتاشی فوجی افسران نے یوم دفاع وطن کے حوالے سے پاکستانی حکام کو جنگ ستمبر میں شاندار پیشہ ورانہ کارکردگی سمیت ہمت و شجاعت کی کئی ایک داستانیں رقم کرنے پر مبارکباد پیش کی. 

سفیر پاکستان لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ بلال اکبر نے اپنے خطاب میں غیر ملکی مہمانوں سمیت اسلامی عسکری اتحاد کے کمانڈر جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف کی آمد کا شکریہ ادا کیا اور جنگ ستمبر کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے 1965 میں پاکستان پر جارحیت کی اور جنگ مسلط کرتے ہوئے اپنے ناپاک عزائم لیکر پاکستان کی جانب بڑھا مگر افواج پاکستان نے دشمن کا منہ توڑ جواب دیا اور اپنے وطن کی سرحدوں کی اپنی جانوں کا نذرانہ دیکر حفاظت کو یقینی بنایا اور خود سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دے دی پاکستانی عوام آج بھی اپنے ان غیور افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور انکی قربانیوں کو یاد کرتے ہیں. 

مسئلہ کشمیر کے حوالے سے سفیر پاکستان کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر پر گزشتہ 7 سالوں سے ناجائز قابض ہے جبکہ اقوام متحدہ کی قراردادیں کشمیری عوام کو استصواب رائے کا حق دیتی ہیں مگر دو سال قبل بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت کو ختم کر کے مسلم اکثریتی علاقے کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی جو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے بھارت پاکستان کے سرحدی علاقوں میں بھی جارحیت کا مرتکب ہوتا ہے مگر پاکستان ایک ذمے دار ملک ہے اور خطے میں امن کا خواہاں ہے پاکستانی بری، فضائی اور بحری فوج پیشہ ورانہ مہارت کے باعث پوری دنیا میں مشہور ہے. 

افغانستان کے ایشو پر پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان کی ترقی و خوشحالی کا خواہاں ہے اور اس میں پائیدار امن کے لئے کام کر رہا ہے سعودی تعلقات کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ پاک سعودی تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط اور مستحکم ہو رہے ہیں دو طرفہ تعاون کو بڑھایا جا رہا ہے اور دونوں ممالک کی قیادت تعلقات کو فروغ دے رہی ہے. 

یوم دفاع پاکستان کی تقریب میں افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ امور کے حوالے سے ڈاکومنٹری بھی دیکھائی گئی اسکے علاوہ پاکستانی کیمونٹی کے عمائدین نے جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف کو اپنے درمیان پا کر بھرپور خوشی اور مسرت کا اظہار بھی کیا جبکہ شرکاء کا کہنا تھا کہ پاکستانی افواج دنیا کی سب سے طاقتور فوج ہے اور پاکستانی عوام ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہم جنگ ستمبر کے شہدا اور غازیوں کو خراج عقیدت اور خراج تحسین پیش کرتے ہیں. 

مزید :

تارکین پاکستان -