نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) آسٹریلیا کی طرف سے 1987ءمیں ہوائی جہاز میں سگریٹ نوشی پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ اس کے بعد 1988ءمیں امریکہ اور 1997ءمیں یورپی یونین نے بھی اس پر پابندی عائد کر دی لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ ہوائی جہازوں میں ایش ٹرے آج بھی موجود ہوتے ہیں؟اب ایک ایئرہوسٹس نے ان کی موجودگی کا راز بتا دیا ہے۔
دی سن کے مطابق کائیلی نامی اس کینیڈین ایئرہوسٹس نے اپنے ٹک ٹاک اکاﺅنٹ پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں بتایا ہے کہ یہ ایش ٹرے سگریٹ نوشی پر پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے لگائے گئے ہیں۔
کائیلی بتاتی ہے کہ فضائی سفر کے دوران سگریٹ نوشی پر پابندی عائد ہونے کے باوجود کمپنیاں جانتی ہیں کہ کچھ لوگ ایسے ہوں گے جو اس پابندی کی خلاف ورزی کریں گے چنانچہ جو کوئی یہ قانون توڑے، وہ دیگر مسافروں کی جان خطرے میں ڈالنے کی بجائے اس ایش ٹرے کا استعمال کرے اورنہ صرف راکھ اس میں پھینکے بلکہ اگر عملے سے سگریٹ چھپانی پڑ جائے تو ایش ٹرے میں ہی چھپائے، کسی اور جگہ چھپا کر آتشزدگی کا سبب نہ بنے۔کمپنیوں کا یہ خیال درست بھی ہے کیونکہ آئے روز ہم مسافروں کو سگریٹ نوشی پر پابندی کی خلاف ورزی کرتے پکڑتے ہیں۔“