وڈیرے کی دیوار کیساتھ بھینس باندھنے والے غریب نوجوان کو مار مار کر لہو لہان کر دیا گیا
لاڑکانہ(مانیٹرنگ ڈیسک) لاڑکانہ میں بااثروڈیرے کے آدمیوں نے ایک غریب نوجوان کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا تے ہوئے لہولہان کر ڈالا۔ ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق یہ واقعہ لاڑکانہ کی تحصیل ڈوکری میں پیش آیا جہاں قربان چانڈیو نامی رنگ ساز مزدور کے ہاتھ پاﺅں زنجیر سے جکڑ کر اسے تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور گلیوں میں گھسیٹا گیا۔اس دوران مزدور کی تذلیل کرنے کے لیے اس کی ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئیں۔
قربان چانڈیو کو گاڈھی برادری کے بااثر وڈیرے کے لوگوں نے تشدد کا نشانہ بنایا۔ قربان چانڈیو کا جرم یہ تھا کہ اس نے غلطی سے وڈیرے کے ڈیرے کی دیوار کے ساتھ اپنی بھینسیں باندھ دی تھیں۔ ویڈیو وائرل ہو نے پر ایس ایس پی لاڑکانہ آصف بلوچ نے نوٹس لیتے ہوئے ڈوکری پولیس سٹیشن کو ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔
آصف بلوچ کا کہنا ہے کہ مزدور پر تشدد کرنے کے واقعے میں ملوث ملزم لیاقت ولد محمد خان گاڈھی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ویڈیو میں نظر آنے والے دیگر ملزمان کی شناخت بھی کی جا رہی ہے اور جلد مزید گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جائیں گی۔