ٹی20ورلڈ کپ‘آئی سی سی کا انعقاد کیلئے پر عزم ہونا خوش آئند‘کرکٹرز
لاہور(افضل افتخار) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا انعقاد مقررہ وقت پر ہوگا اور اتنے عرصہ قبل ہم اس کی منسوخی کا اعلا ن نہیں کرسکتے ہم پر امید ہیں کہ تب تک حالات بہتر ہوجائیں گے اور ایونٹ کا انعقاد ہوسکے گا آئی سی سی کی جانب سے اس بیان کا پاکستانی کرکٹرز نے بھی خیر مقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ قبل از وقت اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہ کیا جائے سابق کپتان سرفراز احمد،عبدالرزاق،سکندر بخت،بابراعظم،شرجیل خان،امام الحق،رضوان احمد اور عماد وسیم و دیگر نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم نے اس ایونٹ میں ہمیشہ عمدہ پرفارمنس کا مظاہرہ کیا ہے اور ہم توچاہتے ہیں کہ یہ ایونٹ وقت پر منعقد ہو اور دعا کرتے ہیں کہ جلد از جلد ہی حالات ٹھیک ہوجائیں اور شائقین کرکٹ بھی اس ایونٹ سے لطف اندوز ہوسکیں۔
ابھی اس ایونٹ کے شروع ہونے میں کافی وقت ہے اور ابھی سے اس حوالے سے کوئی فیصلہ کرنا درست نہیں ہے ہم آئی سی سی کے اس بیان کا بھرپور خیرمقدم کرتے ہیں کہ اس کا انعقاد کیا جائے گا اور یہ حوصلہ مند بات ہے اور پاکستان کی طرح ہر ملک کا کھلاڑی اس بیان کا خیر مقدم کرے گا اورسب ہی یہ چاہتے ہیں کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا انعقاد ہو اور شائقین کرکٹ بھی اس حوالے سے انتظار میں ہیں۔