4ماہ میں 135 جرائم پیشہ افراد گرفتارکئے، غازی آبادپولیس
لاہور(کرائم رپورٹر) ایس پی کینٹ فرقان بلال کی ہدایت پر ایس ایچ او غازی آباداسد عباس نے گزشتہ چار ماہ کے دوران ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں ملوث 8 گینگز کے 20ملزمان سمیت 135 جرائم پیشہ افراد گرفتار کئے ہیں جن سے لاکھوں روپے کی نقدی، موٹر سائیکلیں، منشیات اور ناجائز اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔
ایس پی کینٹ فرقان بلال کے مطابق کینٹ ڈویژن میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤ شروع کر رکھا ہے او راس سلسلہ میں تمام سرکلز کی سطح پر ڈی ایس پیز کی نگرانی میں سپیشل ٹی میں تشکیل دی گئی ہیں اور اس سلسلہ میں ڈی ایس پی شمالی چھاؤنی سرکل رانا ندیم یاسین کی نگرانی میں ایس ایچ او غازی آباد اسد عباس اور دیگر اہلکاروں پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے اور اس ٹیم نے گزشتہ چار ماہ کے دوران ڈکیتی، راہزنی اور چوری کی سنگین وارداتوں میں ملوث 8 خطرناک گینگز کے 20 ارکان کو گرفتار کیا ہے اور ان ڈاکوؤں سے لاکھوں روپے کی نقدی، موبائل فون سیٹ، 10موٹرسائیکلیں اور ناجائز اسلحہ برآمد کیا ہے۔ گرفتار گینگز کے ان ارکان نے غازی آباد، شمالی چھاؤنی، ہربنس پورہ سمیت شہر کی اہم شاہراؤں اور چوراہوں میں ڈکیتی اور راہزنی کی 100 سے زائد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے اور دوران تفتیش درجنوں وارداتیں ٹریس ہوئی ہیں۔ اسی طرح ایس ایچ او غازی آباد اسد عباس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف چار ماہ کے دوران کریک ڈاؤن کر کے 60 جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کیا جن سے لاکھوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کی گئی ہے جس میں 20کلو چرس، 800 گرام ہیروئن اور ایک ہزار لٹر شراب برآمد کی گئی ہے۔ ایس پی کینٹ فرقان بلال کے مطابق ان جرائم پیشہ افراد کے خلاف 125 مقدمات درج کئے گئے ہیں جس میں 70 مقدمات منشیات فروشوں کے خلاف جبکہ 55 مقدمات ناجائز اسلحہ رکھنے والے ملزمان سے اسلحہ برآمد کر کے مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ ایس پی کینٹ فرقان بلال کے مطابق اسی طرح ایس ایچ او غازی آباد اسد عباس نے قمار بازی اور پرچی جوا سمیت میچ جوا کے خلاف بڑے پیمانے پر گزشتہ چار ماہ کے دوران کریک ڈاؤن کر کے 30 سے زائد مقدمات درج کئے ہیں جن میں قمار بازی کے دوران داؤ پر لگی لاکھوں روپے نقدی، موبائل فونز اور دیگر سامان برآمد کیا گیا ہے جبکہ علاقہ میں قبضہ گروپ مافیا اور 2 درجن سے اے کیٹگری اور بی کیٹگری کے اشتہاریوں مجرموں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔