پی ایم ڈی سی ہیڈ آفس کھولنے کا فیصلہ خوش آئند،پی ایم اے

پی ایم ڈی سی ہیڈ آفس کھولنے کا فیصلہ خوش آئند،پی ایم اے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر)پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن، پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی)کو بحال کرنے اور اسلام آباد میں قائم پی ایم ڈی سی کے ہیڈ آفیس کوفوری طور پر کھولنے پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتی ہے۔معزز عدالت نے آج ہی حکم پر عمل درآمد کرنے کی رپورٹ بھی طلب کی ہے۔عدالت نے وزرات صحت کی جانب سے ہیڈ آفیس پر لگائی گئی سیکیورٹی کو بھی ہٹانے کا حکم جاری کیاہے جو قابل تحسین ہے۔


اس کے ساتھ ساتھ عدالت نے سیکریٹری صحت کو بھی پی ایم ڈی سی کے معاملات میں مداخلت کرنے سے روک دیا ہے۔ پی ایم اے، پی ایم ڈی سی کی بندش کے پہلے دن سے ہی اس کی بحالی کے لئے آواز بلند کر رہی تھی۔ہم پی ایم ڈی سی سے نکالے گئے ملازمین کی بحالی کا مسلسل مطالبہ کر رہے تھے۔ آج کا دن طبی برادری اور ریگیولیٹری باڈی کے ملازمین کے لئے تاریخی دن ہے۔ہم تمام ملازمین کو ان کی بحال پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ہم تمام فریقین سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ پی ایم ڈی سی کو آزاد، خود مختار، شفاف اور متحرک باڈی بنانے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں تاکہ ملک میں طبی تعلیم کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔پی ایم اے، رجسٹرار پی ایم ڈی سی سے درخواست کرتی ہے کہ ڈاکٹروں کی رجسٹریشن کا عمل ترجیح بنیاد پر شروع کیا جائے۔رجسٹریشن کے ہزاروں کیس التواء کا شکار ہیں تقریباً 15000کے قریب نئے گریجوئٹ اپنی ہاؤ س جاب شروع کرنے کے لئے عارضی رجسٹریشن کا انتظار کر رہے ہیں۔پوسٹ گریجوئٹ کرنے والے ڈاکٹروں کو بھی جلد از جلد پوسٹ گریجویشن کی کیٹیگری میں رجسٹرڈ کیا جائے۔ پاکستان میں اور باہر کے ممالک میں کام کرنے والے ڈاکٹروں کی رجسٹریشن کی تجدیداور انہیں گڈ اسٹینڈنگ سرٹیفیکٹ جاری کرنے کا عمل بھی فوری طور پر شروع کیا جائے۔