عوام کو کرونا کے حوالے سے باخبر رکھا جارہا ہے،ہمایوں اختر

عوام کو کرونا کے حوالے سے باخبر رکھا جارہا ہے،ہمایوں اختر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور(نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان سیاست میں خدمت،میرٹ اور شفافیت کے اعتبار سے جو معیار مقررکر رہے ہیں اب دوسری جماعتیں بھی ان پر عمل پیرا ہوئے بغیر سیاست نہیں کر سکیں گی،کورونا وائرس کی وباء کے حوالے حقائق چھپانے کی بجائے عوام کو ہر لمحے با خبر رکھا جارہا ہے،حکومت کے پاس جتنے وسائل موجود ہیں انہیں عوام کی مشکلات کو کم کرنے کیلئے مختص کیا گیا ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے مخیر حضرات اور حلقہ این اے 131کے متحرک کارکنوں سے ٹیلیفونک رابطے میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ہمایوں اخترخان نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان زمینی حقائق سے با خبر ہیں۔

اس لئے مکمل کی بجائے جزوی لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا۔ حکومت جزوی لاک ڈاؤن کے اثرات کی زد میں آنے والے ہر طبقے کو ریلیف دینے کیلئے کوشاں ہیں۔ مشکل کی اس گھڑی میں مخیرحضرات نے بھی مثالی کردار اداکیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے معیشت کو نا قابل تلافی نقصان پہنچا ہے لیکن حکومت ہر گز مایوس نہیں اور انشا اللہ اس وباء پر قابو پالینے کے بعد ہم دوبارہ اپنی منزل کے حصول کیلئے سفر کی رفتار کو پہلے سے تیز کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی کورونا کا خطرہ ٹلا نہیں ہے اس لئے عوام سے پرزور اپیل ہے کہ خود کو گھروں تک محدود رکھیں اور حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل پیرا ہوں اور ہم جس قدر حکومت کے بتائے ہوئے ایس او پیز پر عمل کریں گے اتنی جلد ی اس جنگ میں کامیابی حاصل ہو سکے گی۔ انہوں نے مخیرحضرات سے بھی درخواست کی کہ وہ امداد اورراشن کی تقسیم کے حوالے سے حکومت کی دی ہوئی ہدایات پر عمل کریں تاکہ کورونا وائرس کوپھیلنے سے روکا جا سکے۔