مشیر ریاض خان کا مختلف قرنطینہ سنٹرز کا دورہ

مشیر ریاض خان کا مختلف قرنطینہ سنٹرز کا دورہ

  

پشاور (سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے پبلک ہیلتھ ریاض خان نے ضلع بونیرکی تحصیل مندنڈ اور تحصیل خدوخیل کے قرنطینہ سنٹرز کا دورہ کیا اور قرنطینہ سنٹرزمیں موجود کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کو انتظامیہ کی طرف سے مہیا کی گئی سہولیات کا جائزہ لیا۔اس موقع پرڈپٹی کمشنر بونیر محمد خالد کے علاؤہ متعلقہ ضلعی انتظامیہ کے دیگر حکام بھی موجود تھے۔ دریں اثنا ریاض خان نے متعلقہ حکام کو ھدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ قرنطینہ سنٹرزمیں موجود کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کو کسی قسم کی کمی ناقابل برداشت ہے اوراس مشکل گھڑی میں انکا ساتھ دینا ہمارا فرض ہے۔معاون خصوصی ریاض خان نے عوام سے التماس کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام احتیاط سے کام لیں اور اپنے اہل خانہ اور دیگر لوگوں کے وسیع تر مفاد میں خود کو گھروں تک محدود رکھیں۔ بونیر کے عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اجتماعات سے بچیں اور بلا ضرورت بازاروں کا رخ نہ کریں اور تمام تر حکومتی احتیاطی تدابیر پر من وعن عمل کریں اس موقع پر معاون خصوصی نے مذہبی علماء اور مشائخ سے بھی اپیل کی کہ وہ عوام میں اس وبا سے نمٹنے کیلئے آگاہی مہم چلائیں اور حکومتی کاوشوں میں انکا ساتھ دیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لئے صحت کے تمام شعبے توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں، کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے صوبائی حکومت ہر ممکن اقدامات کررہی ہے اور صوبائی حکومت کے تمام فیصلوں پر من وعن عمل درآمد جاری ہے انہوں نے کہا حکومت اپنے عوام کے ساتھ اس مشکل گھڑی میں ہر قسم تعاون کررہی ہے جس کے لئے تمام حکومتی مشینری متحرک کردی گئی ہے۔ریاض خان نے کہا کہ ڈاکٹرز،پیرامیڈکس،نرسز،پولیس اور ریسکیو کے اہلکاروں کی کارکردگی قابل ستائش اور قابل تعریف ہے کیونکہ وہ اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر اس مشکل گھڑی میں عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -