لاہور ہائیکورٹ، حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت واپس لینے کی بنا پر خارج

لاہور ہائیکورٹ، حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت واپس لینے کی بنا پر خارج

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس سرداراحمد نعیم اور مسٹر جسٹس فاروق حیدر پر مشتمل ڈویژن بنچ نے کرونا وائرس کے خدشہ کی بنیادپررہائی کے لئے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرحمزہ شہباز کی درخواست ضمانت واپس لینے کی بنا پرخارج کردی۔آمدنی سے زائد اثاثہ جات کیس میں ضمانت پر رہائی کے لئے حمزہ شہباز کی درخواست کی سماعت کے دوران فاضل بنچ نے ان کے وکلاء سے کہا کہ آپ نے کرونا وائرس کو بنیاد بنا کر درخواست دائر کی ہے جبکہ سپریم کورٹ نے قیدیوں کی ضمانت کے حوالے سے ہائی کورٹس کے فیصلے معطل کررکھے ہیں،آپ کی میرٹ پردرخواست ضمانت پہلے خارج ہو چکی ہے، آپ کوسپریم کورٹ سے رجوع کرنا چاہیے،درخواست گزار کے وکیل نے کہاکہ قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے سپریم کورٹ کے حتمی فیصلے تک انتظار کرنا چاہتے ہیں، درخواست ضمانت واپس لینے کی اجازت دی جائے، جس پرعدالت نے حمزہ شہباز کی ضمانت کی درخواست واپس لینے کی بنا پرخارج کردی،درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ نیب نے انہیں آمدنی سے زائد اثاثوں کے الزام میں گرفتارکررکھاہے،وہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں، اس کیس میں لاہورہائی کورٹ نے حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت خارج کردی تھی جبکہ رمضان شوگر ملز کیس میں ان کی ضمانت ہوچکی ہے،درخواست میں کرونا وائرس کو آمدنی سے زائد اثاثہ جات کیس میں ضمانت کی نئی بنیاد کے طور پر لیا گیاتھا،درخواست میں کہاگیاتھا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں کرونا وائرس پھیل رہا ہے، میڈیا رپورٹس کے مطابق جیلوں میں بھی کرونا وائرس کے مشتبہ مریض موجود ہیں، جیل میں قید صوبائی اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو کروناوائرس سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے، لاہور ہائیکورٹ نے کرونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر جیلوں میں قید ملزموں کی ضمانت کی درخواستیں دائر کرنے کی ہدایات بھی جاری کررکھی ہیں،آمدنی سے زائد اثاثہ جات کیس میں گرفتار حمزہ شہباز کو ضمانت پر رہا کرنے کاحکم دیا جائے۔
حمزہ شہباز

مزید :

صفحہ آخر -