کرونا وائرس کا مشرکہ کا وشو ں سے بہت جلد شکست دیں گے: آئی جی پنجاب

کرونا وائرس کا مشرکہ کا وشو ں سے بہت جلد شکست دیں گے: آئی جی پنجاب

  

لاہور(کر ائم رپو رٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے کہا ہے کہ عالمگیر وبائی مرض کورونا سے ڈرنے کی بجائے لڑنا ہماراعزم اور مشن ہے اور ماہرین صحت کی جانب سے دی گئی احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہو کر پاکستانی قوم جلد کورونا کو شکست دینے میں کامیاب ہوجائے گی۔ انہوں نے مزیدکہاکہ پنجا ب پولیس نے کورونا سے لڑنے کے آگاہی پیغام کو ایک گیت کی صورت عوام کے سامنے پیش کیا ہے تاکہ احتیاطی تدابیر کو اپنا کرشہری خود کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھ سکیں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو کم سے کم رکھنے اور شہریوں کے تحفظ کیلئے پنجاب پولیس ڈاکٹرز اور دیگرحکومتی اداروں کے ساتھ مل کر جدوجہد میں مصروف عمل ہے اور تمام اداروں کی مشترکہ کاوشوں سے پاکستانی قوم جلداس مشکل وقت سے نکل آئے گی۔ انہوں نے مزیدکہاکہ مشکل کے اس وقت میں پنجاب پولیس نہ صرف لاک ڈاؤن کے حوالے سے حکومتی احکامات پر عمل درآمد یقینی بنارہی ہے جبکہ ساتھ ہی مستحق خاندانوں کو راشن کی فراہمی کے ذریعے انکی مشکلات کے ازالے میں حصہ ڈال رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب پولیس کی جانب سے وبائی مرض کوروناکے متعلق عوامی آگاہی کیلئے گیت کے لانچ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔گلوکار سلطان ثاقب بلوچ کی آواز میں ریکارڈ کئے گئے گیت میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے بار بارہاتھ دھونے،فیس ماسک اور ہینڈ سینیٹائزز کے استعمال سمیت ماہرین کی جانب سے بیان کی گئی احتیاطی تدابیر کو احسن انداز میں اجاگر کیا گیا ہے جبکہ ساتھ ہی ساتھ فرنٹ لائن پر مصروف عمل ڈاکٹرز، پولیس فورس، پاک آرمی،ریسکیو سمیت دیگر اداروں کو بے مثال کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے جو شدید خطرات کے باوجود شہریوں کی جانوں کے تحفظ کیلئے اپنی زندگیوں کو خطرات میں ڈال کر خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔گیت کی ویڈیو لاہور کی تاریخی بادشاہی مسجداور مینار پاکستان کے علاوہ دیگر مشہور مقامات کے پس منظر میں فلمائی گئی ہے جبکہ ٹریفک پولیس، ڈولفن فورس، اور پاک آرمی کی شاہرات پرفرائض سر انجام دیتی ٹیموں کی خدمات کو شامل کیا گیاہے۔ گلگت بلتستان میں کورونا مریضوں کے علاج کے دوران انتقال کرنے والے بہادر ڈاکٹر اسامہ ریاض کو شاندار ٹربیوٹ بھی گیت کا حصہ ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -