ایکسپو سینٹر آئسولیشن مرکز میں کرونا کے مریضوں کی آمد شروع

  ایکسپو سینٹر آئسولیشن مرکز میں کرونا کے مریضوں کی آمد شروع

  

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) ایکسپو سینٹر کراچی میں پاک فوج کی مدد سے تیار کردہ فیلڈ آئسولیشن سینٹر میں اب تک کرونا وائرس سے متاثر پانچ مریضوں کو داخل کیا جا چکا ہے اور ہر گزرتے گھنٹے کیساتھ ان کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔محکمہ صحت سندھ کے ایک اعلیٰ افسر نے بتایا کہ محکمہ صحت سندھ نے پیر سے ایکسپوسینٹر میں قائم فیلڈ آئسولیشن سینٹر میں کورونا وائرس کے ایسے مریضوں کو داخل کرنا شروع کر دیا تھا جن میں مرض کی علامات یا تو بالکل نہیں تھی یا بہت ہی ہلکی تھیں۔ اب تک ایکسپوسینٹرمیں کرونا وائرس سے متاثرہ 5 مریضوں کو لایا جا چکا ہے جبکہ کہ مزید مریضوں کی آمد جاری ہے۔حکام کے مطابق ایکسپو سینٹر کراچی میں قائم فیلڈ آئسولیشن سینٹر میں مریض کراچی کے 6 اضلاع کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران کی جانب سے بھیجے جا رہے ہیں۔محکمہ صحت کے حکام کے مطابق کراچی میں روزانہ 50 کے قریب افراد کرونا وائرس کا شکار ہو رہے ہیں اور ان میں سے اکثر متاثرین میں مرض کی علامات یا تو نہ ہونے کے برابر ہوتی ہیں یا انہیں بہت ہی ہلکی کھانسی یا بخار ہوتا ہے جس کا علاج صرف یہ ہے کہ انہیں آئسولیشن سینٹر میں منتقل کر دیا جائے تاکہ وہ دیگر صحت مند لوگوں کو متاثر نہ کر سکیں۔ایکسپو سینٹر کراچی میں قائم فیلڈ آئسولیشن سینٹر میں اس وقت 200 بستروں پر مشتمل آئسولیشن سینٹر بنایا گیا ہے جس کی تعداد پہلے مرحلے میں 600 بیڈز اور آ خر ی مرحلے میں 1200 بیڈز تک بڑھائی جاسکتی ہے۔حکام کے مطابق فیلڈ آئسولیشن سینٹر میں دو کریٹیکل کیئر یونٹس بھی بنائے گئے ہیں جہا ں پر درمیانے درجے کی علامات والے مریضوں کو رکھا جائے گا جبکہ تشویش ناک حالت میں ان مریضوں کو ڈاؤ یونیورسٹی کے اوجھا اسپتال سمیت مختلف سرکاری ہسپتالوں میں علاج کے لیے روانہ کر دیا جائے گا۔

ایکسپو سینٹر آئسولیشن

مزید :

صفحہ آخر -