کرونا کیخلاف مل کر لڑنا ہوگا،اسد قیصر کے غیر ملکی سپیکروں کو خطوط

      کرونا کیخلاف مل کر لڑنا ہوگا،اسد قیصر کے غیر ملکی سپیکروں کو خطوط

  

اسلام آباد(آئی این پی)اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے چین، سعودیہ، ترکی،ا مریکہ، برطانیہ، متحدہ عرب امارات، اٹلی، ایران اور اسپین کی قومی پارلیمنٹ کے اسپیکروں کو خطوط کے ذریعہ کروناوبائی امراض کی وجہ سے ہونے والے انسانی و مالی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔گزشتہ روز چین کے قومی عوام کی کانگریس کے چیئرمین کو اپنے خط میں اسد قیصر نے لکھا کہ جس طرح سے جمہوریہ چین کی حکومت نے وائرس کے خوفناک پھیلا کی روک تھام کی ہے وہ پوری دنیا کے لئے متاثر کن ہے۔ ہم چینی حکومت کے اس تعاون کے بھی مشکور ہیں کہ انہوں نے چین میں پاکستانی طلبا کی مدد کی۔پاکستان میں صحت عامہ کے اس بحران سے نمٹنے کیلئے چین کے تعاون پران کے مشکور ہیں۔ امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی کو لکھے گئے خط میں اسپیکر نے بین الاقوامی تعاون کی ضرورت پر زور دیااور کہا کہ قرضوں کی ادائیگی میں سہولت اور ریاستوں پر بین الاقوامی پابندیوں میں نرمی اس طرح کے بین الاقوامی تعاون میں اہم پیشرفت ثابت ہوسکتی ہے۔ برطانوی ہاؤس آف کامنز کے اسپیکر کو اپنے خط میں، اسپیکر نے وزیر اعظم بورس جانسن کی جلد اور مکمل صحت یابی کی امید کا اظہار کیا۔اسپیکر نے ترکی کے گرینڈ نیشنل اسمبلی کے اسپیکر کو خط میں لکھا کہ پاکستان معاشرتی فاصلے اور دیگر اقدامات کے ذریعہ بیماری کی منتقلی کو روکنے اور معیشت کے پہیے کو آگے بڑھاتے رہنے کے درمیان توازن قائم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ مجلس ایران کے اسپیکر کو لکھے گئے خط میں اسپیکر نے نہ صرف ان کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی بلکہ ترقی پزیر ممالک کے لئے قرضوں سے نجات اور تنظیم نو کے لئے وزیر اعظم عمران خان کے معاشی پابندیوں کو اٹھانے کے مطالبہ کو بھی اجاگر کیا۔ اسپیکر نے متحدہ عرب امارات کی قومی اسمبلی، اٹلی، ایران اور اسپین، سعودی عرب کے اسپیکرز کو اپنے خطوط میں، اپنے شہریوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت کا اظہار کیا اور اس وبائی مرض کے خلاف مشترکہ طور پر لڑنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

خطوط

مزید :

صفحہ آخر -