قوم پر کڑا امتحان، کرونا وائرس کوجذبہ ایمانی کیساتھ شکست دینگے: شاہ محمود
اسلام آباد (آئی این پی،این این آئی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں ایئرپورٹس پر وطن واپسی کے منتظر پاکستانیوں کی جلد واپسی کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں، ہمیں بحیثیت قوم مل کر اس وبائی چیلنج سے نبرد آزما ہونا ہے یہ پوری قوم کیلئے کڑے امتحان کا وقت ہے، انشاء اللہ ہم جذبہ ایمانی کے ساتھ اس وبائی عفریت کو شکست دیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارت خارجہ میں کرونا وبائی چیلنج سے نمٹنے کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اجلاس میں بیرونی ممالک میں وطن واپسی کے منتظر پاکستانیوں کی مرحلہ وار وطن واپسی کو ممکن بنانے کیلئے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہماری پہلی ترجیح وطن واپسی کے منتظر پاکستانیوں کی مرحلہ وار واپسی ہے، وزارت خارجہ میں قائم کرائسز مینجمنٹ سیل دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے،ہم ایئرپورٹس پر کرونا پازیٹو کیسز کیلئے کوارنٹائین سمیت دیگر طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہے ہیں،اس وقت بہت سے ممالک میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے فلائٹس آپریشن معطل ہیں جس وجہ سے بھی پاکستانیوں کو واپس لانے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پاکستان میں کووڈ 19 کی موجودہ صورتحال، ٹسٹنگ کی سہولت اور کوارنٹائین انتظامات کے حوالے سے مفصل بریفنگ دی۔اجلاس میں وزارت صحت، سول ایوی ایشن اتھارٹی، اورسیز ڈویژن، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ، پی آئی اے اور دیگر متعلقہ اداروں سے موصول ہونیوالی تجاویز پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔بعدازاں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وزارت خارجہ میں قائم کرائسز مینجمنٹ سیل کا اچانک دورہ کیا اور ایمرجنسی کرائسز مینجمنٹ سیل کے مختلف سیکشنز کا معائنہ کیا، ڈی جی کرائسز مینجمنٹ سیل سلمان اطہر نے سیل کی کارکردگی کے حوالے سے وزیر خارجہ کو بریفنگ دی، وزیر خارجہ نے ایمرجنسی کرائسز مینجمنٹ سیل میں موصول ہونے والی شکایات کا جائزہ لیا۔وزیر خارجہ نے ایمرجنسی کرائسز مینجمنٹ سیل کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سیل میں ڈیوٹی سر انجام دینے والے افسران اور عملے کو شاباش دی۔ اجلاس میں متفقہ طور پر سامنے آنے والی تجاویز کو نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔
شاہ محمودقریشی