68فیصد پاکستانی لاک ڈاؤن کے حامی، 34فیصد خواتین مخالف، گیلپ سروے

      68فیصد پاکستانی لاک ڈاؤن کے حامی، 34فیصد خواتین مخالف، گیلپ سروے

  

کراچی(این این آئی)کرونا وائرس کی وبا سے ہونے والے لاک ڈاؤن کے 68 فیصد پاکستانی حامی ہیں تاہم مخالفین میں 34 فیصد خواتین شامل ہیں، وفاقی اقدام سے مطمئن افراد کی شرح میں 17فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ 78فیصد پاکستانی صوبائی حکومتوں کے اقدامات سے مطمئن ہیں، 61 فیصد پاکستانیوں کا کہنا ہے کہ ان کے گھر کی مالی صورتحال بدترین ہوگئی۔ ملک گیر گیلپ سروے میں کہا گیا ہے کہ75 فیصد پاکستانیوں کی رائے ہے کہ کرونا وائرس بحران ذاتی طور پر ان کیلئے بڑا خطرہ ہے۔ خواتین اور 30سال سے کم عمر کے افراد نے کورونا کو بڑا خطرہ قرار دیا ہے۔ مارچ سے اب تک ایسے پاکستانیوں کی شرح میں 5فیصد اضافہ ہوا ہے جو سمجھتے ہیں کہ وائرس انہیں اور انکے عزیزو اقارب کو متاثرکرسکتا ہے۔ 77 فیصد خواتین اور 30سال سے کم 71 فیصد افراد سب سے زیادہ خوفزدہ ہیں۔ ہر چار میں سے تین پاکستانی پرامید ہیں کہ جون تک معمولات زندگی بحال ہوجائیں گے۔ سندھ میں سب سے زیادہ 82فیصد افراد پرامید ہیں۔ 69 فیصد پاکستانیوں کا کہنا ہے کہ ان کے اردگرد لوگ کروناکی وبا کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں۔ خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ 86 فیصد وبا کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں۔ ایسے پاکستانیوں میں 15 فیصد کمی ہوئی ہے جو یہ سمجھتے ہیں کہ وائرس کو بڑھا چڑھا کرپیش کیا جارہا ہے جس سے اس بات کو اندازہ ہوتا ہے کہ زیادہ سے زیادہ لوگ وبا کی شدت سے آگاہ ہورہے ہیں۔ ہردو میں سے ایک پاکستانی کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے ان کے گھر ایک مرد فرد نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے گیا۔ خیبر پختونخوا میں 86 فیصد نے یہی جواب دیا۔ گیلپ سروے میں مزید کہا گیا ہے کہ مارچ سے ایسے پاکستانیوں کی شرح میں 17 فیصد اضافہ ہوا ہے جن کی رائے میں وفاقی حکومت وبا سے نمٹنے کیلئے بہتر اقدامات کررہی ہے تاہم 18 فیصد نے اس سے اتفاق نہیں کیا۔ ہر چار میں سے تقریبا 3پاکستانی (78 فیصد)کرونا وائرس کو کنٹرول کرنے کیلئے صوبائی حکومتوں کے اقدامات سے مطمئن ہیں۔ خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ 90 فیصد افراد مطمئن ہیں۔ زیادہ تر پاکستانیوں (61فیصد)نے کرونا وائرس کی معلومات کیلئے ٹیلی ویژن پراعتمادکا اظہارکیا، خواتین کے مقابلے میں 18 فیصد مرد حضرات نے سوشل میڈیا کو بھی معلومات کا قابل اعتماد ذریعہ قرار دیا ہے۔ 50سال سے زائد عمر کے افراد نے اخبارات پراعتماد ظاہرکیا۔ 68 فیصد پاکستانیوں نے ملک گیر لاک ڈاؤن کی بہت زیادہ حمایت کی تاہم ہر چار افراد میں سے ایک (23فیصد)نے لاک ڈاؤن کو سپورٹ نہیں کیا۔ خواتین کی ایک بڑی تعداد (34فیصد) نے لاک ڈاؤن کو بالکل بھی سپورٹ نہیں کیا۔ گیلپ سروے میں مزید کہا گیا ہے کہ ہر پانچ میں سے چار پاکستانیوں کاکہنا ہے کہ کرونا وائرس ان کی ملازمت اور کاروبار کیلئے بڑا خطرہ ہے۔ 69 فیصد نے اسے بہت ہی بڑا خطرہ قرار دیا۔

گیلپ سروے

مزید :

صفحہ اول -