پنجاب میں روزانہ 3100مریضوں کے کرونا ٹیسٹ کی صلاحیت حاصل کر لی: عثمان بزدار

پنجاب میں روزانہ 3100مریضوں کے کرونا ٹیسٹ کی صلاحیت حاصل کر لی: عثمان بزدار

  

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب میں روزانہ 3100مریضوں کے کرونا ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت حاصل کرلی ہے اورآئندہ چند روزمیں ٹیسٹ کرنے کی استعداد کار 5 ہزار تک بڑھائی جائے گی،پنجاب میں مجموعی طورپر تقریباً19ہزارتشخیصی کٹس موجود ہیں جبکہ2ہزار مزید کٹس ایک روز میں این ڈی ایم اے سے مل جائیں گی۔صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی ٹیسٹنگ کی سہولت کیلئے 8لیبزکوجلد فنکشنل کرنے کی ہدایت کردی۔ان خیالات کا اظہار انہوں کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے قائم کابینہ کمیٹی کے ویڈیو لنک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں کرونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال، روک تھام کے اقدامات اور مریضوں کے علاج معالجے کی سہولتوں، ڈاکٹروں اورنرسوں کیلئے حفاظتی لباس کی فراہمی کے حوالے سے کیے جانیوالے اقدامات کا بھی جائزہ لیاگیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبہ بھر میں دفعہ144پرسختی سے عملدر آمد یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی جبکہ ڈبل سواری پر پابندی کے قانون کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت ضروری سازوسامان اورآلات خریدنے کا عمل جلد مکمل کرے۔انہوں نے کہا کہ قرنطینہ مراکزیا آئسولیشن وارڈز میں موجود مریضوں کے 14دن کے بعد دوبارہ ٹیسٹ ہوں گے اورجن مریضوں کے ٹیسٹ نیگیٹو آئے انہیں گھر جانے کی اجازت دے دی جائے گی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کرونا وائرس سے متاثرہ حاملہ خواتین کیلئے ہسپتالوں میں علیحدہ وارڈز کے قیام کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لاہورکے ساتھ دیگر اضلاع میں بھی متاثرہ حاملہ خواتین کیلئے علیحدہ وارڈز بنائے جائیں۔ قرنطینہ مراکزمیں مریضوں کو ہر طرح کی سہولت فراہم کی جائے۔ڈاکٹروں اورنرسوں کیلئے حفاظتی لباس ترجیحی بنیادوں پر فراہم کیا جائے۔پنجاب میں ڈاکٹروں اورنرسوں کے ایشوزحل کیے جائیں گے۔وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر جراثیم کش سپرے کرنے والی خصوصی گاڑی ”دی مسٹ کوئین“ میدا ن میں آگئی،وزیر اعلی آفس میں ”دی مسٹ کوئین“ گاڑی کے ذریعے جراثیم کش سپرے کرنے کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے خصوصی گاڑی سے سپرے کرنے کا عملی مظاہرہ دیکھا -وزیر اعلی عثمان بزدار نے مقامی وسائل سے سپرے وہیکل تیار کرنے پر مسرت کا اظہارکیا۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے اس موقع پر کہا کہ ”دی مسٹ کوئین“ گاڑی کے ذریعے بڑی شاہراہوں اور مارکیٹوں میں جراثیم کش سپرے کیا جائے گا۔لاہور کے پرہجوم علاقوں میں سپرے کیلئے 8 ”دی مسٹ کوئین“ گاڑیاں تیار کی گئی ہیں -”دی مسٹ کوئین“ گاڑیاں مرحلہ وار صوبہ بھر کی 455 لوکل گورنمنٹس کو فراہم کی جائیں گی۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے چیف سیکرٹری پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان نے ملاقات کی،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب بھی اس موقع پر موجود تھے۔چیف سیکرٹری نے چیف منسٹر فنڈ برائے کروناکنٹرول کیلئے120 کروڑروپے کا چیک وزیراعلی پنجاب کو پیش کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر کہا کہ مشکل کی گھڑی میں کمزورطبقات کی مددکرنے والوں کا جذبہ قابل ستائش ہے۔بعدازاں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر کے ہمراہ ماڈل وین کا معائنہ کیا۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب نے وزیر اعلی عثمان بزدار کو گاڑیوں کے بارے میں بریفنگ دی۔وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے پولیس کو گاڑیوں کی فراہمی کیلئے ماڈل وین کی منظوری دے دی۔

سردار عثمان بزدار

لاہور(جنرل رپورٹر) پنجاب میں کرونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے بغیر اجازت امدادی سر گرمیوں پر پابندی لگا دی گئی،راشن و امدادی سامان کی تقسیم کیلئے متعلقہ ڈپٹی کمشنر سے اجازت لینا ضروری قرار دے دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق غریب و نادار افراد میں راشن کی تقسیم کے دوران سماجی فاصلے پس پشت چلے گئے تھے جس کے باعث حکومت پنجاب نے بغیر اجازت امدادی سر گرمیوں پر پابندی لگائی۔ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے نثار احمد ثانی کا کہنا ہے کہ فیصلہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے پیش نظر کیا گیا ہے، مخیر حضرات متعلقہ ڈی سے اجازت لے کرمنظم طریقے سے خود راشن و امدادی سامان تقسیم کر سکتے ہیں۔دوسری جانب پنجاب حکومت کو لاک ڈاؤن میں کرایہ دار دکانداروں کو کرائے کی ادائیگی کیلئے قرض حسنہ دینے کی تجویزپیش کردی گئی۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے تجویز کو حتمی شکل دینے کے لئے ہدایات جاری کر دیں ہیں۔حتمی پلان پہلے کابینہ کمیٹی برائے فنانس اور پھر پنجاب کابینہ کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق لاک ڈاون کے باعث دو ماہ کے کرائے کی ادائیگی کے لئے قرض حسنہ دینے کی تجویز دی ہے۔کرائے دار دکاندار کرائے نامے کے ساتھ بینک آف پنجاب کو درخواست دیں گے، بینک آف پنجاب قرض پر سود نہیں لے گا، اصل رقم بعد میں واپس کرنا ہوگی۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے تجویز سامنے آنے کے بعد حتمی پلان مانگ لیا۔

پابندی/تجویز

مزید :

صفحہ اول -