لاک ڈاؤن ختم ہوتے ہی ٹرینیں ٹریک پر لے آئیں گے، شیخ رشید

لاک ڈاؤن ختم ہوتے ہی ٹرینیں ٹریک پر لے آئیں گے، شیخ رشید

  

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے کی ٹرین آپریشن دوبارہ شروع کرنے کی تیاریاں مکمل ہیں،وزیراعظم جیسے ہی لاک ڈاؤن ختم اور ٹرین آپریشن بحال کرنے کے احکامات جاری کرینگے اس کے 24گھنٹوں میں 142ٹرینیں ٹریک پر لے آئیں گے۔ وہ راولپنڈی ریلوے سٹیشن پر ٹرینوں میں قائم کیے گئے قرنطینہ مرکز کے دورہ اور چین ریلوے کمپنی پاکستان کی جانب سے ریلوے کو عطیہ کیے گئے ماسک اور سینیٹائزر حوالگی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد پاکستان ریلوے کی جانب سے تیار کیے گئے سینائزر واک تھرو گیٹ سے گذر کے ریلوے سٹیشن کے اندر داخل ہوئے۔ ڈی ایس ریلوے سید منور شاہ نے وفاقی وزیر ریلوے اور چیین کی ریلوے کمپنی کے نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ریلوے کی کوچز میں تیار کیے گئے قرنطینہ مرکزمیں میڈیکل آلات،وینٹیلیٹرز کے ساتھ ساتھ ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف 24گھنٹے موجود ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ٹرین کی کوچز میں قائم قرنطینہ مرکز کا معائنہ کیا۔ میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ چائنہ ریلوے گروپ کے مشکور ہیں جنہوں نے کیرج فیکٹری اور سی ڈی ایل ورکشاپ کے لئے 5ہزار ماسک،سیٹائزر عطیہ کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قرنطینہ گیٹ تمام ریلوے سٹیشنوں پر نصب کیے جائیں گے یہ گیٹ پاکستان ریلوے نے خود تیار کیے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان ریلوے نے 40ٹرینوں کے اندر قرنطینہ مراکز قائم کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے نے ٹرین آپریشن کے آخری روز ایک لاکھ 65ہزار مسافروں کو کراچی سے لایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹرین آپریشن کی بندش کے دوران تمام کوچز اور انجنوں کی مرمت کا کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت میں ایک ہی گروپ ہے جس کی وزیراعظم قیادت کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام میں 45لاکھ تو پرانے رجسٹرڈ لوگ ہیں،آئندہ ہفتے سے نئے رجسٹرڈ مستحقین کو امدادملنے کا عمل شروع ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تفتان میں کنٹینر ہسپتال کے لئے 2100کمروں پر مشتمل بزنس اور اے سی سلیپر ٹرین کی پیشکش کرتے ہیں۔

شیخ رشید

مزید :

صفحہ اول -