تاجرمعاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، چیئر پرسن ایف بی آر

تاجرمعاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، چیئر پرسن ایف بی آر

  

اسلام آباد (کامرس ڈیسک) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے ایک وفد کے ہمراہ نوشین جاوید امجد سے ملاقات کی اور ان کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی چیئرپرسن تعینات ہونے پر مبارک باد پیش کی۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر سیف الرحمٰن خان اور ملک سہیل حسین بھی وفد میں شامل تھے۔ ایف بی آر کے ممبر لیگل و اکاؤنٹگ برائے کسٹم ڈاکٹر ارسلان سبکتگین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحیدنے اس امید کا اظہار کیا کہ نوشین جاوید امجد ایف بی آر کو مزید موثر ادارہ بنانے اور ٹیکس نظام میں ضروری اصلاحات لانے میں اپنا فعال کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک شفاف و منصفانہ ٹیکس نظام کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے اور ٹیکس ریونیو کو بہتر کرنے میں معاون ثابت ہو گا اور امید ہے کہ ایف بی آر کی نئی چیئرپرسن اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ مشکل حالات میں تاجروصنعتکار برادری کو کافی مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ کرونا وائرس کی وجہ سے کاروباری ادارے بند ہیں۔ لہذاانہوں نے توقع ظاہر کی کہ ان حالات کے پیش نظر تاجروصنعتکار برادری کے ٹیکس مسائل پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا اور ان کو جلد حل کرنے کی کوشش کی جائے گی تا کہ مشترکہ کوششوں سے پاکستان کے ٹیکس ریونیو کو بہتر کیا جا سکے اور کاروباری سرگرمیوں کو بحال کیا جا سکے۔ ایف بی آر کی چیئرپرسن نوشین جاوید امجد نے اپنے خیالا ت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری معیشت کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے لہذا ان کے ٹیکس مسائل کو حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے اس وقت پوری دنیا مشکلا ت کا شکار ہے جبکہ پاکستان کی معیشت کو مزید مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس مشکل گھڑی میں تاجر وصنعتکار برادری اپنے حصے کا پورا ٹیکس ادا کرکے حکومت کے مسائل میں کمی کرنے میں بھرپور تعاون کرے تا کہ معیشت کو مسائل سے نکال کی بہتری کی طرف گامزن کیا جا سکے۔

مزید :

کامرس -