سبزیوں کی بر آمدات میں 8ماہ کے دوران 72فیصد اضافہ

  سبزیوں کی بر آمدات میں 8ماہ کے دوران 72فیصد اضافہ

  

اسلام آباد۔ (اے پی پی) جاری مالی سال کے دوران سبزیوں کی برآمدات میں 71.80 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) مالی سال کے پہلے 8 ماہ (جولائی تا فروری 2019-20ء) کے دوران بالحاظ وزن سبزیوں کی برآمدات 6 لاکھ 49 ہزار 183 میٹرک ٹن تک بڑھ گئیں جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا فروری 2018-19ء میں 6 لاکھ 14 ہزار 716 میٹرک ٹن سبزیاں برآمد کی گئی تھیں۔ اسی طرح بالحاظ مالیت بھی سبزیوں کی برآمدات 138.372 ملین ڈالر کے مقابلہ میں جاری مالی سال میں 236.755 ملین ڈالر تک بڑھی ہیں۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران سبزیوں کی قومی برآمدات میں 98.383 ملین ڈالر یعنی 71.80 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا یہ۔ پی بی ایس کے مطابق رواں مالی سال کے دوران تازہ پھلوں کی ملکی برآمدات بھی 1.16 فیصد کے اضافہ سے 341.007 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 346.508 ملین ڈالر تک بڑھ گئیں۔ ادارہ برائے شماریات کے اعداد وشمار کے مطابق رواں مالی سال کے دوران گندم کی برآمدات 98.68 فیصد کی کمی سے 11.993 ملین ڈالر تک کم ہو گئیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 8 ماہ کے دوران 110.838 ملین ڈالر مالیت کی گندم برآمد کی گئی تھی۔ پی بی ایس کے مطابق جاری مالی سال میں غذائی اجناس کی مجموعی برآمدات 3.033 ارب ڈالر تک بڑھ گئیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے پہلے 8 ماہ کے دوران غذائی اجناس/ مصنوعات کی برآمدات سے 2.875 ارب ڈالر کا زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔

مزید :

کامرس -